پروفیشنل معیار کا وڈیو کنورٹر بالکل مفت حاصل کریں

وڈیوز کو کنورٹ کرنا آج سے چند سال قبل اتنا مقبول کام نہیں تھا لیکن آج کل مختلف ڈیوائسز کی آمد کے بعد ہر کسی کو وڈیو کنورٹر کی ضرورت رہتی ہے۔ اکثر تو اسکرین سائز کے لیے وڈیوز کو کنورٹ کرنے کی ضرورت پڑتی ہے مثلاً ڈیسک ٹاپ کے لیے موجود کسی وڈیو کو اسمارٹ فون کے لیے کنورٹ کرنا۔ یا پھر وڈیوز کو شیئر کرنے کے لیے ان کا سائز کم کرنا پڑتا ہے جیسے کہ وٹس ایپ 20 ایم بی سے بڑی وڈیو کو شیئر کرنے کی سہولت نہیں دیتی اس لیے ہمیں وڈیو کا سائز ہی کم کرنا پڑتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کے پاس کوئی پرانی ڈی وی ڈی یا سی ڈی موجود ہو جسے کمپیوٹر پر دیکھنے کے لیے آپ کنورٹ کرنا چاہتے ہوں۔

ان تمام عوامل میں آپ کے پاس ایک اچھا وڈیو کنورٹر پروگرام موجود ہونا ضروری ہے۔ ایک اچھی خبر یہ ہے کہ گزشتہ 13 سالوں سے ڈیویلپمنٹ کے مراحل میں موجود بہترین وڈیو کنورٹر ’’ہینڈ بریک‘‘ (HandBrake) کا آخر کار پہلا ورژن ریلیز کر دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام انتہائی عمدہ کارکردگی کا حامل ہونے کے باوجود تاحال بی ٹا ورژن تھا اور وہ بھی پچھلے تیرہ سال سے۔ اس کی اپ ڈیٹس مسلسل آ رہی تھیں لیکن اس کے کسی ورژن کو فائنل کا درجہ نہیں دیا گیا۔ لیکن اب گزشتہ سال کے اختتام پر اور نئے سال کی آمد پر آخر کار اس کا پہلا فائنل ورژن ریلیز کر دیا گیا ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

وڈیوز کو کنورٹ کرنے کی بات ہو تو اس کے تمام معروف فارمیٹس کی سپورٹ موجود ہے، آڈیو کے حوالے سےعمدہ کارکردگی موجود ہے اور سب ٹائٹلز شامل کرنے ہوں تو وہ آپشن بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ پروگرام ونڈوز کے علاوہ لینکس اور میک سسٹم کے لیے بھی بالکل مفت دستیاب ہے بلکہ یہ جی پی یل (GPL) کے لائسنس کے تحت دستیاب ہے یعنی آپ چاہیں تو اس کا سورس کوڈ حاصل کر کے اس میں اپنی من پسند تبدیلیاں بھی خود ہی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں کسی قسم کے کوئی اشتہارات بھی نہیں ہیں۔ اگر آپ ایک پروفیشنل اور مفت وڈیو کنورٹر حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کا انتخاب ’’ہینڈ بریک وڈیو کنورٹر‘‘ ہی ہونا چاہیے۔ مبتدی حضرات پہلے اس پروگرام کو استعمال کرنے کا طریقہ کار پڑھنا مت بھولیں۔

ڈاؤن لوڈ کریں

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 125 میں شائع ہوئی

ایک تبصرہ
  1. Khuram Murad says

    thanks

Comments are closed.