ہزاروں گاہک آنے پر ایپل کی سیل ختم کردی گئی

1,657

ملائیشیا میں ایپل کی مصنوعات فروخت کرنے والے ایک ادارے کو اپنی سیل اس وقت فوراً ختم کرنا پڑی جب اس کی چند آئی او ایس اور میک مصنوعات خریدنے کے لیے 11 ہزار گاہک دکان پر آ گئے تھے۔

سوئچ اسٹور نامی ایک دکان نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی مصنوعات پر سیل لگا رہا ہے جن میں آئی فون 5ایس سے لے کر 7 تک، آئی پیڈز، ایپل ٹی ویز، میک بکس اور دیگر شامل ہیں۔ یہ مصنوعات 25 ڈالرز کی معمولی قیمت سے لے کر 514 ڈالرز کی قیمت کے درمیان فروخت کی جا رہی تھیں لیکن شاید انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اس کی طلب کتنی ہو سکتی ہے؟

اسٹور کھلنے میں ابھی 19 گھنٹے باقی تھے کہ گاہک باہر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ پھر قطار اتنی طویل ہوگئی کہ شاپنگ مال سے باہر نکل کر پارکنگ لاٹ تک پہنچ گئی۔ اسٹور انتظامیہ نے دروازے تھوڑی دیر کے لیے کھولے اور باہر حال دیکھ کر فوراً ہی دکان بند کردی کیونکہ اس کو اندازہ ہو گیا تھا کہ مصنوعات بہت کم ہیں اور گاہک بہت زیادہ۔ انتظامیہ نے بعد میں اپنے فیس بک پیج پر لکھا کہ انہوں نے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر کلیئرنس سیل کو مؤخر کردیا ہے۔ اس نے تمام صارفین نے معذرت کی اور بتایا کہ اس کے پاس فروخت کے لیے صرف 200 مصنوعات تھیں جبکہ گاہکوں کی تعداد 11 ہزار تھی۔

اب آپ کو اندازہ ہو گیا ہوگا کہ آخر ایپل بلیک فرائیڈے پر اپنی مصنوعات پر سیل کیوں نہیں لگاتا؟