ایچ ٹی سی کا اگلا فون کب اور کتنے میں ریلیز ہو گا

845

چند سال پہلے ایچ ٹی سی نے پے در پے اعلی میعار کے اسمارٹ فونز متعارف کروا کے مارکیٹ میں اپنا نام بنا لیا تھا۔ لیکن پھر بدلتے وقت کے مطابق خود کو نا ڈھال سکنے کے باعث یہ کمپنی پس منظر میں چلی گئی۔

گو کہ ایچ ٹی سی نے گزشتہ سال 2017 میں اپنا اسمارٹ فون HTC U11 کے نام سے متعارف کروایا تھا۔ لیکن وہ سام سنگ کے گیلیکسی ایس 8 اور گوگل پکسل 2 کے مقابلے میں اپنا مقام نہیں بنا سکا تھا۔ لیکن اب خبر ہے کہ ایچ ٹی سی اپنا اگلا فلیگ شپ فون U12 متعارف کروا رہا ہے۔ جو نسبتاً کئی جدید خوبیوں پر مشتمل ہو گا۔
ایچ ٹی سی کی جانب سے ابھی اگلے اسمارٹ فون ماڈل کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ البتہ اس کی سابقہ روایات اور دیگر لیک شدہ معلومات کی مدد سے کئی مستند ٹیکنالوجی بلاگرز نے مختلف پیش گوئیاں کی ہیں۔ آئیے انہی پیش گوئیوں اور لیک کردہ معلومات کی مدد سے جانتے ہیں کہ ایچ ٹی سی کا اگلا فون کن خصوصیات کے ساتھ کب اور کتنی قیمت میں جاری ہو گا۔

ایچ ٹی سی کا نیا فون کب اور کس نام سے جاری ہو گا

ایچ ٹی سی نے اپنے اگلے فون کے نام کا اعلان نہیں کیا۔ البتہ غالب امکان یہی ہے کہ اس کا نام پچھلے ماڈل کی نسبت سے HTC U12 اور U12 پلس رکھا جائے گا۔ جہاں تک تاریخِ ریلیز کا سوال ہے تو کمپنی کی جانب سے پہلے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ یہ فون اپریل 2018 کے وسط تک متعارف کروایا جائے گا۔

تاہم بعد میں اس تاریخ میں تبدیلی کر دی گئی۔ اور اب اسے اگلے ماہ یعنی مئی میں متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ اس سے پہلے بھی گزشتہ تین سالوں سے ایچ ٹی سی اپنے فلیگ شپ فونز تقریباً ان ہی دو ماہ میں متعارف کرواتا رہا ہے۔ اور امید ہے کہ اس بار بھی اسی سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔

ایچ ٹی سی U12 کی خصوصیات کیا ہوں گی

ایچ ٹی سی کا گزشتہ ماڈل U11 ایک اچھا اسمارٹ فون ہونے اور تمام تر خوبیاں رکھنے کے باوجود گیلیکسی اور پکسل 2 کا مقابلہ نہیں کر پایا تھا۔ کیونکہ اس میں دوہرے کیمرہ اور نوئچ جیسی جدید خصوصیات شامل نہیں تھی۔ شاید اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایچ ٹی سی نے یہ اعلان کیا ہے کہ U12، گیلیکسی ایس 9 کے پلس ماڈل کی ٹکر کا ہو گا۔

گو کہ کمپنی نے خصوصیات کا اعلان نہیں کیا لیکن معروف بلاگر ایوان بلاس کے مطابق ایچ ٹی سی کے U12 ماڈل میں 6 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے WQHD پلس ریزولیوشن کے ساتھ ہو گا۔ جبکہ اس کی پہلوی نسبت 18:9 متوقع ہے جو کہ اس کے پیشرو سے کہیں بہتر ہے۔

اینڈروئیڈ اتھارٹی نامی ویب سائٹ کے مطابق اس فون میں موجودہ دور کی جدید ترین کوالکوم اسنیپ ڈریگن 845 پراسیسر چپ استعمال کی جائے گی۔ جس کے ساتھ عارضی میموری 6 گیگا بائٹس اور اندرونی گنجائش 128 گیگا بائٹس متوقع ہے۔ جبکہ اس میں اضافی اسٹوریج کے لیے کارڈ سلاٹ بھی موجود ہو گی۔

ایچ ٹی سی U12 میں کمپنی کا تیار کردہ دوسری نسل کا EdgeSense سافٹ وئیر بھی پہلے سے تعمیر شدہ ہو گا۔ اس سافٹ ویئر کی مدد سے فون کو اطراف سے دبانے پر بھی مختلف ایپس کھولی جا سکتیں ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ اس سافٹ وئیر میں کون سی نئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اگر ہم کیمرہ کی بات کریں تو ایچ ٹی سی U12 میں 12 اور 16 میگا پکسل کے دوہرے عقبی کیمرے اور 8 میگا پکسل کے دو ثانوی کیمروں کے استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔ جو کہ اس وقت صرف معدودے چند اسمارٹ فونز میں ہی نصب ہوتے ہیں۔

معروف بلاگر ایوان بلاس کے مطابق ایچ ٹی سی U12 میں اینڈروئیڈ اوریو آپریٹنگ سسٹم اور ایچ ٹی سی کا اپنا تیار کردہ چہرے کی شناخت کرنے والا نظام "فیس سینس” نصب ہو گا۔ اس کی بیٹری گنجائش 3420 mAh ہو گی جو کہ ہم عصر اسمارٹ فونز سے کافی کم ہے۔ یہ فون پانی و گرد مزاحم ہو گا جس کا میعار IP/68 ہو سکتا ہے۔

ایچ ٹی سی U12 کی قیمت کیا ہو گی؟

فون کی قیمت کے بارے میں کافی متضاد اطلاعات ہیں۔ T3 ویب کے مطابق یہ فون اپنے پیشرو کی طرح 600 سے 700 امریکی ڈالرز کے درمیان کی قیمت پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ جو کہ حالیہ آئی فون ایکس سے قدرے کم ہے۔ اس لیے امید کی جا سکتی ہے کہ یہ فون اپنی خصوصیات اور قیمت کے توازن کی وجہ سے مارکیٹ میں اپنا مقام بنا پائے گا۔

مزید تفصیلات سے ہم آپ کو کمپیوٹنگ پر وقتاً فوقتاً آگاہ کرتے رہیں گے۔ اگر آپ اس فون کے بارے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو نیچے دیے گئے کمنٹ باکس میں ضرور بتائیے گا۔