ایچ ٹی سی نے فلیگ شپ فون U12 پلس متعارف کروا دیا

1,485

گزشتہ دنوں کمپیوٹنگ پر ایک مضمون شائع ہوا تھا جس میں ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ ایچ ٹی سی کی جانب سے جلد ہی جدید ترین اسمارٹ فون متعارف کروائے جانے کی توقع ہے۔ اس ضمن میں خبر یہ ہے کہ ایچ ٹی سی نے توقعات کے عین مطابق اپنا نیا فلیگ شپ فون HTC U12 پلس کے نام سے متعارف کروا دیا ہے۔

یہ فون رواں ماہ 23 مئی سے پری آرڈرز کے لیے دستیاب ہے۔ خصوصیات کی بات کی جائے تو اس اسمارٹ فون میں 18:9 کی پہلوی نسبت کے ساتھ 6 انچ کی کواڈ ہائی ڈیفینیشن مائع قلماتی یعنی LCD اسکرین نصب کی گئی ہے۔ یہ فون دہرے کیمروں کے ساتھ "نوچ” کے بغیر دستیاب ہو گا۔

فون کی دیگر اعلان کردہ خصوصیات درج ذیل ہیں۔

  • کوالکوم اسنیپ ڈریگن 845 پراسیسر چپ
  • اینڈروئیڈ 8.0 اوریو آپریٹنگ نظام
  • 6 گیگا بائٹس عارضی میموری
  • 12 میگا پکسل کے بنیادی اور 16 میگاپکسل کے ٹیلی فوٹو دہرے عقبی کیمرے، 4K ویڈیو، 60 فریمز فی سیکنڈ ریکارڈنگ کی سہولت کے ساتھ
  • 8 میگا پکسل کے دوہرے ثانوی کیمرے
  • پانی و گرد مزاحم IP68 میعار کے ساتھ
  • 3500 ملی ایمپئر کی لیتھیم آئین بیٹری، تیز چارجنگ کی سہولت کے ساتھ

قیمت کی بات کی جائے تو ایچ ٹی سی U12 پلس کا 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج ماڈل تقریباً 799 یوروز میں دستیاب ہو گا۔ یہ قیمت سام سنگ گیلیکسی ایس 9 سے تو قدرے کم ہے البتہ ایل جی کے جی 7 اور ون پلس 6 سے کہیں زیادہ ہے۔