ہوواوے Honor 10، بڑی خوبیوں والا کم قیمت اسمارٹ فون

2,345

ہوواوے نے حال ہی میں اپنا فلیگ شپ اسمارٹ فون P20 متعارف کروایا تھا جس میں بہت سی نئی خصوصیات شامل کی گئیں لیکن اس کی قیمت اتنی زیادہ (تقریباً بانوے ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی کہ یہ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔ اگر آپ P20 کے مداح ہیں لیکن خریدنے کی سکت نہیں رکھتے تو یہ خبر آپ کے لیے ہے۔

ہوواوے نے نیا اسمارٹ فون آنر 10 Honor کے نام سے متعارف کروا دیا ہے۔ اس کی قیمت P20 کے مقابلے میں بہت کم ہے لیکن حیران کن طور پر اس کی اکثر خصوصیات P20 سے کم نہیں۔ جو کہ یقیناً ہوواوے کے شائقین کے لیے بہت بڑا سرپرائز ہے۔

اگر ہم ہوواوے آنر 10 کے ڈیزائن کی بات کریں تو یہ P20 سے زیادہ مختلف نہیں۔ جو کہ بجائے خود آئی فون ایکس جیسا ہے۔ گویا ہم کہہ سکتے ہیں کہ آنر 10 ڈیزائن کے معاملے میں آئی فون ایکس کا ہم سر یا کلون ہے۔

ہوواوے آنر 10 میں اسی طرح کی نشان زد (نوچ) اسکرین ہے جو کہ آئی فون کے حالیہ ماڈل میں متعارف کروائی گئی تھی۔ یعنی صرف کیمرہ کی جگہ چھوڑ کر بقیہ مکمل ڈسپلے اسکرین اور وہ بھی بغیر ڈھلوان کناروں کے۔

فون کے نچلے حصہ میں ایک طبیعی ہوم بٹن اور انگلیوں کے نشان محسوس کرنے والا حساسیہ پہلے سے ہی نصب شدہ ہے۔ عقب میں دوہرے عدسوں والے کیمرہ کو افقی طور پر نصب کیا گیا ہے۔ جبکہ شیشے کا بنا پینل ویسے ہی رنگوں سے رنگا گیا ہے جیسے P20 میں تھے۔

فون کی دیگر نمایاں خصوصیات یہ ہیں۔

  • 5.84 انچ ایل سی ڈی اسکرین
  • 1080 پکسل کی فل ہائی ڈیفینیشن ریزولیوشن
  • کرن 970 کی ہشت کور پراسیسر چپ (جو کہ ہوواوے پی 20 میں بھی استعمال کی گئی ہے)
  • 6 جی بی ریم (عارضی میموری)
  • 64 جی بی کی تعمیر شدہ مستقل میموری (128 جی بی کا ورژن علحیدہ سے دستیاب ہو گا)
  • اینڈرائیڈ 8.1 اوریو آپریٹنگ نظام
  • 19:9 کی پہلوی نسبت
  • 24 میگا پکسل کا بنیادی و عقبی کیمرہ جس کے ساتھ 16 میگا پکسل اضافی کیمرہ نصب
  • 24 میگا پکسل کا ثانوی کیمرہ جس سے اعلی میعار کی سیلفیز اور ویڈیو ریکارڈ کی جا سکیں
  • مصنوعی ذہانت کی کیمرہ برانڈنگ
  • 3400 ایم اے ایچ گنجائش کی حامل لیتھیم آئن بیٹری، تیز چارجنگ کی خوبی کے ساتھ

اور سب سے بڑھ کر یہ کہ درجہ بالا تمام خصوصیات کے ساتھ ہوواوے کا یہ آنر 10 اسمارٹ فون 2599 یوآن (تقریباً 414 امریکی ڈالر) کی قیمت میں دستیاب ہو گا۔
یقین نہیں آیا ناں؟
اسمارٹ فون ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے بہت سے ماہرین کو بھی یقین نہیں آیا تھا۔ کہ آئی فون اور پی 20 کی خصوصیات کا حامل فون اور وہ بھی اتنی کم قیمت میں۔ لیکن ہوواوے نے یہ کر دکھایا ہے۔

یہ فون رواں ماہ 27 اپریل سے چین میں اور اگلے ماہ مئی کے پہلے ہفتے سے پوری دنیا میں فروخت کے لیے دستیاب ہو گا۔