ہواوی آنر 7A، مناسب قیمت پر ایک متاثر کن فون

2,247

ہواوی آنر 7A مناسب قیمت میں ایک متاثر کن فون ہے جس کو بناتے ہوئے نوجوانوں کو ذہن میں رکھا گیا ہے۔ خوبصورت، پتلا، جاندار کیمرا اور عمدہ گیمنگ فیچرز، یہ سب کچھ آنر 7A کو اس قیمت میں دستیاب بہترین فون بناتے ہیں۔

آنر 7A کا بنیادی کیمرا 13 اور 2 میگاپکسل کا ڈوئل لینس رکھتا ہے اور دونوں لینس تصویر کھینچنے کے لیے بہترین انداز میں بیک وقت کام کرتے ہیں اور یوں صارف کو ملتی ہے ایک بے عیب تصویر۔ اس کے ایچ ڈی آر موڈ اور مسلسل تصاویر لینے والے موڈ میں بھی تصویر کا معیار برقرار رہتا ہے۔

سیلفی کیمرا بھی اچھا ہے اور اگر اندھیرا بھی ہو جائے تو تصویر دھندلی نہیں ہوتی۔ یہاں آنر 7A میں 8 میگاپکسل کا کیمرا لگا ہوا ہے۔ اس میں ایل ای ڈی فلیش کے تین ایڈجسٹمنٹ لیولز ہیں جسے آپ اپنے گرد موجود روشنی کی بنیاد پر سیٹ کر سکتے ہیں۔ دن کے وقت بھی یہ کیمرا اپنے لینس میں داخل ہونے والی روشنی کو کنٹرول کرتا ہے تاکہ حقیقی اور صاف تصویر آ سکے۔

Huawei Honor 7A میں ایچ ڈی آر وڈیو ریکارڈنگ اور وڈیو کالنگ بھی ہے۔ ڈجیٹل زوم، آٹو فلیش، فیس ڈٹیکشن، جیو ٹیگنگ، پینوراما اور دیگر خصوصیات بھی اس میں ہیں۔

اس کے علاوہ لائٹ سینسر، پروکسیمٹی سینسر، ایکسلرومیٹر اور کمپاس بھی ہیں، پشت پر فنگرپرنٹ سینسر بھی فون میں موجود ہیں۔

3 ہزار ملی ایمپیئر آور کی بیٹری بھی آپ کو بار بار چارجنگ کرنے کے جھنجھٹ سے بچاتی ہے لیکن 2 جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج کچھ کم لگتی ہے۔ پھر بھی مائیکرو ایس ڈی کارڈ لگا کر اسٹوریج میں 256 جی بی تک کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

5 اعشاریہ 7 انچ کا ڈسپلے دیکھیں تو یہ 1440 ضرب 720 پکسلز کی اسکرین رکھتا ہے کہ جس میں فی انچ 268 پکسل کا ریزولیوشن ہے۔ فون میں اسنیپ ڈریگن اوکٹاکور پروسیسر نصب ہے اور یہ ای ایم یو آئی 8.0 انٹرفیس چلاتا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ انٹرنل اسٹوریج خالی کرکے کام کرنے کی صلاحیت 20 فیصد تک بڑھاتا ہے۔

فون نیلے، سیاہ اور سنہرے رنگوں میں دستیاب ہے اور اس میں اینڈرائیڈ 8.0 اوریو نصب ہے۔ قیمت ہے 17 ہزار پاکستانی روپے اور بلاشبہ اس قیمت میں یہ بہترین فونز میں سے ایک ہے۔