بھارت دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون مارکیٹ بن سکتا ہے

7,903

بھارت امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اسمارٹ فون کے لیے دنیا کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ بن سکتا ہے۔ شیاؤمی انڈیا کی آن لائن سیلز کے سربراہ راگھو ریڈی کے مطابق گزشتہ سال بھارت میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔ اس رفتار سے بھارت امریکا کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے اور چین کے بعد دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون مارکیٹ بن سکتا ہے۔

ریڈمی وائی2 کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ 10 سے 20 ہزار روپے کے اسمارٹ فونز خریدنے کے رحجان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 2017ء سے یعنی گزشتہ تین سہ ماہیوں سے ہم ملک میں اسمارٹ فون کے سب سے بڑے فروخت کنندہ ہیں۔ آن لائن تو شیاؤمی 60 فیصد مارکیٹ رکھتا ہے۔

شیاؤمی اس وقت ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا برانڈ ہے، جس نے 2017ء میں اپنی فروخت میں 300 فیصد اضافہ کیا۔ اس وقت یہ مارکیٹ میں 30 فیصد سے زیادہ حصہ رکھتا ہے، جس میں آن لائن اور آف لائن فروخت دونوں شامل ہیں۔ اس وقت ملک کی اسمارٹ فون مارکیٹ کا کل حجم 130 ملین یونٹس سالانہ ہے۔

ادارہ اب اپنی پیداواری تنصیبات کو بڑھا چکا ہے جو اب آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور اتر پردیش میں 6 یونٹس کا حامل ہے۔