انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر گروپ وڈیو چیٹ، بہت جلد

3,066

فیس بک نے اعلانکیا ہے کہ وہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ دونوں میں گروپ وڈیو چیٹ متعارف کروائے گا۔

انسٹاگرام پر آپ کو ڈائریکٹ گفتگو کی اسکرین پر آپ کو ایک نیا کیمرا آئیکون ملے گا، جس پر کلک کرکے آپ وڈیو کال کر سکتے ہیں اور ایپ کا استعمال جاری رکھنے کے لیے اسے minimize بھی کر سکتے ہیں۔

یہ انفرادی صارفین کے لیے بھی کام کرے گا اور ‘چھوٹے’ گروپوں کے لیے بھی۔ فیس بک نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے صارفین ایک کال میں بات کر سکتے ہیں لیکن جو تصاویر سامنے آئی ہیں ان سے لگتا ہے کہ یہ بیک وقت 4 افراد تک محدود ہوگا۔ یہ فیچر اس وقت تجرباتی مرحلے میں ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں دنیا بھر میں پیش کردیا جائے گا۔

جہاں تک معاملہ واٹس ایپ کا ہے تو فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا کہ صارفین میسیجنگ سروس میں پہلے ہی سے براہ راست وڈیو کالنگ میں 2 ارب منٹ لگا چکے ہیں، اس لیے یہ وقت ہے آئندہ مہینوں میں گروپ وڈیو چیٹ کا۔

یہاں بھی نہیں بتایا گیا کہ بیک وقت کتنے افراد گروپ چیٹ کر سکتے ہیں۔ اس لیے یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ ایپ کتنے کالرز کو سنبھال سکتی ہے، بالخصوص اس وقت جب عموماً گروپوں میں اراکین کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ہی فیس بک کی تینوں ایپس، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میسنجر، رابطے کے لیے بنیادی ذریعہ بنتی جا رہی ہیں۔ امید ہے کہ وہ مستقبل میں کچھ مزید نیا کرکے اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کریں گی۔