انسٹاگرام کے ماہانہ ایک ارب صارفین ہوگئے

1,486

انسٹاگرام بہت تیزی سے مقبول ہوتا جا رہا ہے بلکہ آگے بڑھنے کی شرح دیکھی جائے تو اسنیپ چیٹ اور فیس بک کو بھی پیچھے چھوڑ رہا ہے۔ آج انسٹاگرام نے اعلان کیا کہ اس کے ماہانہ متحرک صارفین کی تعداد ایک ارب کا سنگ میل عبور کر چکی ہے۔ ایپ نے ستمبر 2017ء میں 800 ملین ماہانہ صارفین کا ہندسہ عبور کیا تھا۔

2018ء کی پہلی سہ ماہی میں اسنیپ چیٹ کے روزانہ صارفین صرف 2 اعشاریہ 13 فیصد اضافے کے ساتھ 191 ملین تک پہنچے جبکہ فیس بک کا ماہانہ اضافہ بھی 3 اعشاریہ 14 فیصد کے ساتھ 2 اعشاریہ 196 ارب تک پہنچا ہے۔ ان دونوں کے مقابلے میں اسی عرصے میں انسٹاگرام کا اضافہ 5 فیصد ہے۔

ایک ارب صارفین تک پہنچنے کے بعد انسٹاگرام پر اضافی ذمہ داری بھی عائد ہو گئی ہے کہ وہ فیس بک فیملی کا کماؤ پوت بنے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام 2018ء میں محض امریکی اشتہاری مارکیٹ سے ہی 5 اعشاریہ 48 ارب ڈالرز کما سکتا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 70 فیصد زیادہ ہے۔ انسٹاگرام فیس بک کی موبائل اشتہارات سے ہونے والی آمدنی کا 28 فیصد سے زیادہ حصہ دے سکتا ہے۔

پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں تو فیس بک کی مقبولیت اپنے عروج پر ہے لیکن ترقی یافتہ ملکوں کے نوجوانوں میں فیس بک کی طرف رحجان کم ہوتا جا رہا ہے اور ان میں انسٹاگرام بہت تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ ہو سکتا ہے آپ کو بھی معلوم نہ ہو کہ انسٹاگرام دراصل فیس بک کی ہی ملکیت ہے۔ اب ایک ارب صارفین کے ساتھ یہ فیس بک کے لیے بہت سنجیدہ پروجیکٹ بن چکا ہے۔