انسٹاگرام پر اب وڈیو کالنگ بھی

1,341

انسٹاگرام نے اسنیپ چیٹ، فیس ٹائم اور ہاؤس پارٹی کے خلاف بڑا قدم اٹھا لیا ہے اور ایک وڈیو کالنگ فیچر متعارف کروادیا ہے جس کا باضابطہ اعلان مئی میں ہونے والی ایف8 میں کیا گیا تھا۔ اب آئی او ایس اور اینڈرائیڈ پر موجود تمام افراد کے لیے یہ سہولت پیش کردی گئی ہے کہ وہ انسٹاگرام ڈائریکٹ کے ذریعے چار دوستوں پر مشتمل گروپ وڈیو کال کر سکتے ہیں۔

فیڈ، اسٹوریز، میسیجنگ، لائیو، IGTV اور اب وڈیو کالنگ، لگتا ہے انسٹاگرام اپنے ایک ارب صارفین کی سماجی ضروریات کے لیے ‘ون-اسٹاپ-شاپ’ بننے جا رہا ہے۔ ایسے اقدامات ہی کا نتیجہ ہے کہ ایک اوسط صارف جو ستمبر 2017ء میں انسٹاگرام پر روزانہ 29 منٹ گزارتا تھا، اب 55 منٹ دیتا ہے۔ گزارے گئے زیادہ وقت کا مطلب ہے زیادہ اشتہارات اور فیس بک کے اس ذیلی ادارے کے لیے زیادہ آمدنی۔ 2012ء میں فیس بک نے ایک ارب ڈالرز سے بھی کم قیمت پر انسٹاگرام کو خریدا تھا اور آج اس کی قدر 100 ارب ڈالرز تک جا پہنچی ہے۔

انسٹاگرام وڈیو کالنگ کا ایک عمدہ فیچر یہ ہے کہ آپ وڈیو کالنگ کو minimize کرکے باقی ایپ سے لطف اٹھا سکتے ہیں، وہ بھی بغیر کال ختم کیے۔ آپ کسی چیٹ میں موجود وڈیو بٹن کو دبا کر کسی سے بھی وڈیو کال کر سکتے ہیں۔