انسٹاگرام اسٹوریز میں اب گانے بھی

715

انسٹاگرام آپ کو اپنی ‘اسٹوریز’ میں میوزک شامل کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جس کا علم اینڈرائیڈ ایپ میں پائے جانے والے ایک کوڈ سے ہوا ہے۔ ‘میوزک اسٹکرز’ صارف کو اپنی پوسٹس کے لیے گانے تلاش کرنے اور شامل کرنے کی سہولت دیتے ہیں جس کے لیے فیس بک بڑے ریکارڈ لیبلز کے ساتھ معاہدے کرچکا ہے۔ انسٹاگرام اس گانے کو خودکار طور پر پہچاننے کے لیے تجربات بھی کر رہا ہے جو آپ سن رہے ہوں اور اس کے گلوکار اور گانے کا ٹائٹل بھی دکھائے گا۔

سننے کے قابل میوزک اسٹکرز انسٹاگرام اسٹوریز کو مزید دلچسپ بنائیں گے۔ یہ فیچر نوجوانوں میں مقبول لپ سنکنگ ایپ "میوزیکلی” (Musically) اور حریف ایپ اسنیپ چیٹ کی مقبولیت کو کم کر سکتا ہے، جو اسی منصوبے پر کام کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پھر بند کردیا۔

سالوں سے یہی سمجھا جا رہا تھا کہ فیس بک کے ریکارڈ لیبلز کے ساتھ مذاکرات دراصل اسپوٹیفائی (Spotify) کا مقابلہ کرنے کی کوشش ہوگی۔ لیکن اسٹریمنگ اب ایک بڑی مارکیٹ بن گئی ہے کہ جہاں مقابلہ بہت سخت ہے۔ پھر یہ فیس بک کا بڑا مسئلہ تھا کہ اگر صارفین خود سے ساؤنڈ ٹریکس شامل کریں یا گانا پس منظر میں چل رہا ہو تو کاپی رائٹ کا مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے۔ اس لیے فیس بک نے ایسا طریقہ اپنایا ہے جو اس کے لیے بھی آسان ہے اور صارفین کے لیے بھی۔