انٹل کے مائیکروپروسیسز میں نئی خرابی، صارفین اپ ڈیٹس انسٹال کرلیں

3,384

اس سال میں یہ تیسری بار ہوا ہے کہ انٹل کے چپس میں نئی سکیوریٹی خرابی دریافت ہوئی ہے ۔ اس نئی خرابی جس کا nickname فور شیڈو (Foreshadow) رکھا گیا ہے، کی بدولت ہیکرز ممکنہ طور پر صارفین کا قیمتی ڈیٹا چرا سکتے ہیں۔

فور شیڈو انٹل کی ایک ٹیکنالوجی SGX میں دریافت کی گئی ہے۔ انٹل کے مطابق اس خرابی کو محققین کے ایک گروپ نے دریافت کیا ہے جن کا تعلق انٹل سے نہیں ہے۔ اس خرابی کا فائدہ اٹھا کر ہیکر مائیکرو چپ کی میموری میں محفوظ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

SGX یا سافٹ ویئر گارڈ ایکسٹینشن انٹل کی تیار کردہ ٹیکنالوجی ہے جو مائیکرو پروسیسر میں حساس ڈیٹا کومحفوظ بناتی ہے اور کسی بھی غیر قانونی رسائی کی روک تھام کرتی ہے۔ انٹل کا کہنا ہے کہ اس کے علم میں ایسا کوئی واقع نہیں جس میں نئی دریافت کردہ خرابیوں کو استعما ل کرتے ہوئے ڈیٹا چرایا گیا ہو۔

انٹل نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ اپنے سسٹمز کو اپ ڈیٹ کریں ۔ البتہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فور شیڈوخرابی سے صرف چند سرور کمپیوٹر ز ہی متاثرہ ہیں۔

اس سال جنوری میں انٹل کی اربوں چپس میں دو خرابیاں Meltdown اور Spectre دریافت ہوئی تھی۔ ان خرابیوں کی وجہ چپ کا ڈیزائن تھا۔ تاہم انٹل واحد چپ میکر نہیں جس کی چپس ان دو خرابیوں سے متاثرہ تھیں۔ AMD اور ARM کی چپس میں بھی یہ دونوں خرابیاں موجود ہیں۔

نئی خرابی سے متعلق انٹل کو اسی سال جنوری میں ہی محققین نے بتادیا تھا اور انٹل نے مئی و جون میں اس خرابی کو دور کرنے کے لیے سکیوریٹی اپ ڈیٹس جاری کردی تھیں۔

اس خبر کو رومن اردو میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں