آئی فون، آئی پیڈ اور میک سب کے لیے ایک ایپ!

1,001

اگر آپ کے پاس آئی فون ہے اور میک بھی آپ کے استعمال میں رہتا ہے تو آپ اس عذاب کو ضرور جھیلتے ہوں گے۔ موبائل ایپس تواتر کے ساتھ اپڈیٹ ہوتی رہتی ہیں جبکہ میک ایپ اسٹور کی صورتحال بالکل مختلف ہے۔ ایپل اپنے اسٹورز میں اس تفریق کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور بہت جلد ایک حل کے ساتھ میدان میں آئے گا۔ کہا جا رہا ہے کہ ایپل اپنے ڈیولپرز کو یہ سہولت دے گا کہ وہ میک، آئی پیڈ اور آئی فون کے لیے واحد ایپ بنائیں۔ اگر سب کچھ توقعات کے مطابق ہوا تو اگلے سال کے اوائل میں ڈیولپرز کو یہ آپشن مل سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقصد ایسی ایپس بنانا ہیں جو ماؤس، ٹچ پیڈ یا ٹچ اسکرین تینوں کے لیے کام کریں اور اس فرق کا خاتمہ کرنا ہے جو مختلف اسٹورز میں موجود ہے۔ اس وقت تو یہ عالم ہے کہ ڈیولپرز کو آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے الگ اور میک کے لیے جدا ایپ بنانا پڑتی ہے۔

یہ تبدیلی فوری طور پر تو نہیں آئے گی، البتہ اس کا اعلان جلد ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگلے موسم خزاں میں آئی او ایس اور میک او ایس اپڈیٹس آنے تک یہ تبدیلی متوقع ہے۔

یہ ایپل کے لیے بڑی آزمائش بھی ہو سکتی ہے اس لیے ممکن ہے کہ ادارہ اپنا ذہن تبدیل کرلے اور یہ منصوبہ ترک کردے۔ امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا کیونکہ یہ میک صارفین کے لیے بہت مقبول قدم ہوگا۔