جاپانی مسیجنگ ایپ لائن نے کرپٹو کرنسی ایکسچینج کھول لیا

4,977

اس سال جنوری میں معروف جاپانی میسجنگ کمپنی Line نے کرپٹو کرنسی میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ اب خبر یہ ہے کہ لائن نے باقاعدہ کرپٹو کرنسی ایکسچینج کھول لیا ہے۔ یہ کرپٹو کرنسی ایکسچینج جاپان اور نارتھ امریکہ کے علاوہ دنیا بھر کے صارفین کو اپنی خدمات فراہم کرے گا۔

BITBOX نامی یہ ایکسچینج اس وقت 30 سے زیادہ کرپٹو کوائنز میں ٹریڈنگ کی سہولت فراہم کررہا ہے۔ تاہم تادم تحریر یہ علم نہیں کہ اس میں ڈالر اور جیسی دوسری کرنسیز میں ٹریڈنگ کب تک اور کن ممالک میں ممکن ہوسکے گی۔

اسٹیبل کوائن یعنی ایسا کوائن جس کی بنیاد پر دوسرے کرپٹو کوائنز میں ٹریڈنگ کی جاسکے، کے لیے بٹ باکس نے دیگر کرپٹو کرنسی ایکسچینج کی طرح USDT کا انتخاب کیا ہے۔ اس کے عوض براہ راست بٹ کوائن، ایتھیریم اور بٹ کوائن کیش خریدے جاسکتے ہیں۔

یہ کرپٹو کرنسی ایکسچینج لائن کمپنی کے نئے ڈویژن لائن فائنینشل کارپوریشن کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس سے پہلے یہ ڈویژن لائن پے Line Pay نامی سروس شروع کرچکا ہے جس پر 40 ملین سے زائد صارفین رجسٹرڈ ہیں اور سالانہ اربوں ڈالر کی ٹرانزیکشنز اس پر کی جارہی ہیں۔

یہ اب دیکھنا یہ ہے کہ لائن ایپ کے 200 ملین صارفین میں سے کتنے صارفین اس کرپٹو کرنسی ایکسچینج کو استعمال کرنے کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ لائن پے کی صارفین کی بڑی تعداد وہ ہے جو کہ پہلے ہی لائن مسیجنگ ایپ استعمال کررہے ہیں۔

لائن کے ہم وطن کرپٹو ایکسچینج کوائن چیک میں ہونے والی چوری کے بعد تمام نظریں بٹ باکس پر ہونگی کہ وہ کیسے اپنے صارفین کے سرمائے کی حفاظت کرتا ہے۔