جان میکافی کا نیا بٹ کوائن والٹ ہیک، لیکن وہ ڈھائی لاکھ ڈالر دینے سے مکر گئے

4,078

جان میکافی نے گزشتہ ہفتے ٹوئٹر پر ایک نئے بٹ کوائن والٹ کا اعلان کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ اسے کوئی ہیک نہیں کرسکتا اور جو اسے ہیک کرے گا جان میکافی اسے ڈھائی لاکھ ڈالر انعام میں دیں گے۔ لیکن جان میکافی کی بدقسمتی کہ اس نئے بٹ کوائن والٹ جسے Bitfi کا نام دیا گیا ہے، کو صرف ایک ہفتے میں ہی ایک سکیوریٹی محقق نے ہیک کرلیا ہے۔

جان میکافی کے بارے میں آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ صاحب میکافی ایسوسی ایٹس کے بانی ہیں جس نے دنیا کا پہلا تجارتی اینٹی وائرس "میکافی” بنایا تھا۔ یہ صاحب اکثر و بیشتر مختلف حوالوں سے خبروں میں رہتے ہیں۔ ماضی میں ان پر اپنے پڑوسی کو قتل کرنے کا الزام بھی لگ چکا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ جلد ہی بٹ کوائن کی قیمت 5 لاکھ ڈالر فی بٹ کوائن تک پہنچ جائے گی۔

جان میکافی کا بٹ کوائن والٹ Bitfi ہیک کرنے والے سیکیوریٹی ریسرچر کا تعلق نیدر لینڈز سے ہے اور وہ OverSoft کے نام سے جانےجاتے ہیں۔ اپنی ٹویٹ میں اوور سوفٹ نے کہا کہ ہم نے Bitfi کا روٹ ایکسس حاصل کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ لینکس / یونکس میں روٹ ایکسس کا مطلب ہوتاہے کہ سسٹم کا مکمل کنٹرول حاصل کرلینا۔

دوسری جانب Bitfi نے اس ہیک سے متعلق ابتداء میں کوئی بیان جاری نہیں کیا لیکن بعد میں Bitfi کے سی ای او نے ہیک کی تصدیق کرنے کے بجائے دوسرے بگ باؤنٹی پروگرام کا اعلان کردیا۔ بگ باؤنٹی پروگرام کے تحت کسی پروگرام یا آلے میں کوئی سکیوریٹی خامی تلاش کرنے پر کمپنی انعام دیتی ہے۔

لیکن جان میکافی کا کہنا ہے کہ ان کا والٹ ہیک نہیں ہوا اور روٹ ایکسس حاصل کرنے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہیکر ان کے والٹ میں موجود پیسے / بٹ کوائن بھی اڑا سکتے ہیں۔ اس لیے وہ اوور سوفٹ کو ڈھائی لاکھ ڈالر انعام میں نہیں دیں گے۔ اوور سوفٹ نے اسے جان میکافی کی مارکیٹنگ قرار دیا ہے۔