کہیں آپ کا پاس ورڈ یہ تو نہیں؟

1,271

سال کے بدترین پاس ورڈز کی فہرست ہمیں بہت کچھ بتاتی ہے ، یہ بتاتی ہے کہ عام صارف اپنی آن لائن سکیورٹی کے حوالے سے کتنے بے پروا ہو سکتے ہیں۔ اس فہرست میں جو پاس ورڈ سولہویں نمبر پر ہے وہ ہے "Starwars” یعنی پاپولر کلچر کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ، 23 ویں نمبر پر ہے "Whatever” یعنی نوجوان نسل کا نعرہ بلکہ نمبر 2 پر موجود "password” تو ہماری اجتماعی تخلیقی ذہنیت کا عکاس ہے۔

پاس ورڈ مینجمنٹ اور سکیورٹی کے لیے ایپلی کیشنز بنانے والے ادارے اسپلیش ڈیٹا کے مطابق سالانہ "بدترین پاس ورڈز” کی فہرست میں 11 نئے اضافے ہوئے ہیں ۔ ان سادہ سے پاس ورڈز کی مقبولیت انہیں استعمال کرنے والوں کو بڑے خطرے سے دوچار کرتی ہے۔

اسپلیش ڈیٹا کے چیف ایگزیکٹو مورگن سلین کہتے ہیں کہ "ہیکرز جانتے ہیں اور آسانی سے اندازہ لگا لیتے ہیں، یہاں تک کہ عام سے الفاظ میں کوئی معمولی سی تبدیلی بھی صارف کو محفوظ نہیں بناتی۔ اس فہرست کو جاری کرنے کا مقصد ہی یہی ہے کہ لوگ ایسے پاس ورڈز کا آن لائن استعمال نہ کریں۔”

یہ تجزیہ لیک ہونے والے ان پانچ ملین پاس ورڈز پر مبنی ہے، جو زیادہ تر شمالی امریکا اور یورپ کے لوگوں نے استعمال کیے۔ فہرست میں شامل ہونے والے نئے پاس ورڈز میں "iloveyou”، "monkey”، "hello”، "freedom”، "qazwsx” اور "trustno1” نمایاں ہے۔

ساری تو نہیں لیکن اب بیشتر ویب سائٹس اور سروسز اپنے صارفین کو غیر محفوظ پاس ورڈ سے بچنے کے لیے کچھ شرائط لگاتی ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ موثر پاس ورڈ کو طویل اور انوکھا ہونا چاہیے۔ اس میں الفاظ، اعداد اور رموز و اوقاف کا استعمال ہونا چاہیے۔ حال ہی میں ایک مقبول رحجان دیکھنے میں آیا ہے کہ پورے جملے پاس ورڈ بنا دیے جاتے ہیں، یہ واقعی اچھا قدم ہے کیونکہ پورے جملے کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔ پاس ورڈ مینیجرز بھی مختلف ویب سائٹس اور سروسز کے لیے مختلف پاس ورڈ کو ترتیب دینے میں مدد دے رہے ہیں۔

2016ء میں ہم نے دیکھا کہ "123456” اسپلیش ڈیٹا میں پہلے نمبر پر تھا۔ نئے سال میں یہ بھی "اپگریڈ” ہوکر مزید "پیچیدہ” ہوگیا ہے یعنی "12345678” اور مقبولیت میں یہ تیسرے نمبر پر ہے۔ "12345” پانچویں نمبر، "123456789” چھٹے اور "1234567” آٹھویں پر۔ یعنی اعداد پر مشتمل پاس ورڈز بہت مقبول ہیں، وہ بھی سیدھی تربیت میں تاکہ ہیکر کو بالکل بھی پریشانی نہ ہو۔

ادارے کا اندازہ ہے کہ تین فیصد صارفین "123456” استعمال کرتے ہیں جبکہ 10 فیصد افراد ایسے ہیں جو 25 بدترین پاس ورڈز میں سے کوئی ایک رکھتے ہیں۔

اسپلیش ڈیٹا کی 100 بدترین پاس ورڈز کی فہرست عام ناموں کو بھی پاس ورڈز میں بیان کرتی ہے "robert” نمبر 31، "george” نمبر 48 اور "michelle” نمبر 81 پر ہے۔ سال بھی مقبول پاس ورڈز میں شامل ہیں جیسا کہ 1990 اور 1991 فہرست میں 64 ویں اور 65 ویں نمبر پر ہیں۔

سال 2017ء کے 25 بدترین پاس ورڈز

1 – 123456

2 – password

3 – 12345678

4 – qwerty

5 – 12345

6 – 123456789

7 – letmein

8 – 1234567

9 – football

10 – iloveyou

11 – admin

12 – welcome

13 – monkey

14 – login

15 – abc123

16 – starwars

17 – 123123

18 – dragon

19 – passw0rd

20 – master

21 – hello

22 – freedom

23 – whatever

24 – qazwsx

25 – trustno1