خراب رویہ رکھنے والے صارفین کی ٹوئٹس کم نظر آئیں گی

870

ٹوئٹر نے ایک بڑا اہم اعلان کیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ نہ صرف انفرادی ٹوئٹس کے مواد پر کام کر رہا ہے بلکہ صارفین کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا سائٹ استعمال کرتے ہوئے اپنے رویّے کو بہتر بنائیں۔

ٹوئٹر اب رویّوں کو جانچنے کے لیے ہزاروں اشاریوں کا استعمال کرے گا اور اگر اس نے پایا کہ آپ بہت ہی غیر مہذب ہیں تو آپ کی ٹوئٹس شاذ و نادر ہی فالوورز کو دکھائے گا۔ صحت مندانہ گفتگو کی ترویج کے لیے یہ ٹوئٹر کا اٹھایا گیا اب تک کا سب سے بڑا قدم ہے۔ اس کا اعلان مارچ میں سی ای او جیک ڈورسی پہلے ہی کر چکے تھے۔

ٹوئٹر اس کام کے لیے یہ اشاریے استعمال کرے گا:

  • آیا آپ بڑے پیمانے پر ان اکاؤنٹس کو ٹوئٹ کرتے ہیں جن کو فالو نہیں کرتے؟
  • آپ جن سے گفتگو کرتے ہیں وہ آپ کو کتنا بلاک کرتے ہیں؟
  • آپ نے ایک آئی پی ایڈریس سے کتنے اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں؟
  • اور آیا آپ کا اکاؤنٹ ان افراد سے قریبی تعلق رکھتا ہے جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر چکے ہیں؟

ادارے کا ماننا ہے کہ تازہ تبدیلیاں موثر ہو سکتی ہیں، خاص طور پر اس لیے کیونکہ انہیں عالمی سطح پر لاگو کیا جا سکتا ہے کیونکہ ان کا تعلق کسی زبان سے نہیں اور یہ ایکشن پر منحصر ہیں۔