خفیہ ٹپ آزمائیں اور اپنے اینڈروئیڈ فون کو تیز رفتار بنائیں

5,823

جدید اینڈروئیڈ فونز پہلے کی بہ نسبت کئی گنا بہتر اور تیز رفتار ہیں۔ اور یہ خصوصیت ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہی ہے۔ البتہ اسمارٹ فون کی تیز رفتاری بھی بیٹری پاور جیسی ہی ہے۔ جتنی بڑھتی جائے اتنی کم ہے۔

موجودہ دور کے جدید اینڈروئیڈ فونز میں استعمال ہونے والی کوالکوم اسنیپ ڈریگن چپس، اضافی عارضی میموری کے ساتھ مل کر سال 2018 کے فلیگ شپ فونز کو مزید طاقتور اور تیز رفتار فونز بنا رہی ہیں۔ یہاں تک کہ یہ اینڈروئیڈ فونز تیز رفتاری میں موجودہ نسل کے آئی او ایس 11 آئی فونز کو بھی مات دے رہے ہیں۔

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ شاید میں مبالغہ آرائی سے کام لے رہا ہوں۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ سام سنگ کے گیلیکسی ایس 9 اور ون پلس 6 نے یوٹیوب اور رئیل لائف میں کئے جانے والے کئی اسپیڈ ٹیسٹس میں آئی فون ایکس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

صرف گیلیکسی ایس 9 اور ون پلس 6 ہی نہیں بلکہ ایل جی کے ThinQ اور ایچ ٹی سی کے U12 پلس جیسے فلیگ شپ فونز بھی حیران کن حد تک تیز رفتار ہیں۔ لیکن شاید قارئین کی اکثریت یہ نہیں جانتی کہ ان تمام فونز میں ایک خفیہ سیٹنگ موجود ہے جسے استعمال کر کے آپ ان فونز کو مزید تیز رفتار بنا سکتے ہیں۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ یہ سیٹنگ تقریباً تمام اینڈروئیڈ ورژنز میں پائی جاتی ہے۔ گویا آپ کے پاس خواہ جدید ترین ون پلس 6 فون ہے یا پرانا گیلیکسی ایس 7، آپ اس ٹپ سے یکساں طور پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

یہاں یہ بھی واضح کرتا چلوں کہ یہ ٹپ نئی نہیں ہے۔ ہو سکتا ہے آپ نے اسے پہلے بھی کہیں پڑھ رکھا ہو۔ لیکن اکثر قارئین کے لیے یہ ٹپ بالکل نئی ہو گی۔ اور اس کی مدد سے وہ باآسانی اپنے فون کی رفتار کو پہلے سے بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ اب آتے ہیں مضمون کے اصل مدعے کی طرف۔۔۔

دراصل ہوتا کچھ یوں ہے کہ جب بھی آپ اپنے فون پر کوئی ایپ کھولتے ہیں، اسے بند کرتے ہیں یا پھر کسی نئی ایپ پر جاتے ہیں تو اس دوران پس منظر میں ایک اینیمیشن کا تغیر وقوع پزیر ہو رہا ہوتا ہے۔ یہ تغیر دراصل ڈسپلے کو اسکرین کی ایک حالت سے دوسری حالت پر منتقل کرتا ہے۔ یہ عمل اس تیزی کے ساتھ ہوتا ہے کہ آپ کو اندازہ بھی نہیں ہو پاتا کہ آپ کے اسمارٹ فون کی اسکرین کب پس منظر میں متغیر حالت میں آئی ہے۔ لیکن فون کے آپریٹنگ نظام میں بہرحال اس عمل میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اس لیے اگر اس عمل کی رفتار کو تیز کر دیا جائے تو نتیجے میں ایپس بھی تیز رفتاری سے لوڈ ہوں گی۔

مجھے یقین ہے کہ یہاں تک آپ معاملے کی اصل تہہ تک پہنچ چکے ہوں گے۔ اور اب شدت سے یہ جاننے کے لیے بے قرار ہوں گے کہ آخر کس طرح فون پر اس اینیمیشن کی رفتار کو تیز کیا جا سکتا ہے۔ تو بلا کسی توقف میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ اس کے لیے آپ کو فون کی Developers Options میں جانا پڑے گا۔

اسمارٹ فونز کے گھاک کھلاڑی Developers Options کے بارے میں ضرور جانتے ہوں گے۔ لیکن اگر آپ اس کے بارے میں نہیں جانتے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ درج ذیل سادہ طریقے پر عمل کر کے آپ اس آپشن کو باآسانی کھول سکتے ہیں۔

  1. سب سے پہلے اپنے فون کی Settings ایپ کو کھولیں۔
  2. اگر آپ اینڈروئیڈ کا 8.0 یا اس سے جدید ورژن استعمال کر رہے ہیں تو System پر جائیں۔ (پرانے ورژنز میں اس کی ضرورت نہیں)
  3. اب اسکرین کو نیچے کی جانب سے اسکرول کریں اور سب سے آخر میں موجود About Phone پر ٹچ کریں۔
  4. ظاہر ہونے والی اسکرین پر Developers Options کو تلاش کریں۔ اور اس پر یکے بعد دیگرے 7 بار ٹچ کریں۔ اس کے نتیجے میں یہ آپشن متحرک ہو جائے گی۔

یہاں آپ کو خبردار کرتا چلوں۔۔۔ کہ اگر آپ سیٹنگز وغیرہ کے متعلق اتنی معلومات نہیں رکھتے تو اس آپشن پر موجود دیگر سیٹنگز کے ساتھ زیادہ چھیڑ چھاڑ نا کریں۔ اور صرف نیچے دی گئی ہدایات پر ہوبہو عمل کریں بصورت دیگر فون کے آپریٹنگ نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

اب آپ Developers Options میں اسکرین شاٹ کے مطابق نیچے درج کردہ سیٹنگز کو تلاش کریں۔

Window animation scale

Transition animation scale

Animator animation scale

یہاں آپ دیکھیں گے کہ ہر سیٹنگز کے سامنے 1x کی ویلیو دی گئی ہو گی۔ دراصل یہ اینیمیشن کی ڈیفالٹ رفتار ہے۔ یہاں آپ نے کرنا یہ ہے کہ ہر سیٹنگز کو باری باری ٹچ کر کے اس کی رفتار کو 0.5x پر سیٹ کرنا ہے۔ جیسا کہ نیچے اسکرین شاٹ دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ سیٹنگز صفر اعشاریہ پانچ ایکس یعنی 0.5x ہونی چاہیے نا کہ 5x۔ اس کے بعد آپ Developers Options سے باہر آ جائیں۔ اور پہلے سے دوگنی رفتار سے لطف اندوز ہوں۔ کیونکہ آپ نے ایپس کے درمیان منتقلی کے وقت کو پہلے سے نصف کم کر کے اینیمیشن رفتار کو دوگنا بڑھا دیا ہے۔

قارئین اگر آپ کے پاس اینڈروئیڈ کا پرانا اسمارٹ فون ہے تو درجہ بالا ہدایات پر عمل کرنے کے بعد آپ کو یوں لگے گا جیسے آپ نے نیا فون خرید لیا ہے۔ جبکہ جدید فون کی صورت میں بھی آپ کو رفتار میں نمایاں اضافہ محسوس ہو گا۔

تو کیسی لگی یہ ٹپ آپ کو؟ کسی قسم کے مسئلے یا تجاویز و آراء کی صورت میں کمنٹ کے ذریعے ضرور آگاہ کیجیے گا۔