کیا آپ کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہے؟

4,248

فیس بک کے تازہ ترین اسکینڈل نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ خاص طور پر وہ صارفین جو اپنی پرائیویسی کے حوالے سے سنجیدہ ہیں، ان کے لیے فیس بک سے آنے والی خبریں کسی دھماکے سے کم نہیں۔ عین اس موقع پر فیس بک پر ایک پیغام بہت تیزی سے گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہے یا نہیں۔

سوشل نیٹ ورک پر اندھادھند شیئر ہونے والا مکمل پیغام کچھ یوں ہے:

Mark Zuckerberg, CEO of Facebook, invented the word BFF. To make sure your account is safe on Facebook, type BFF in a comment. If it appears green, your account is protected. If it does not appear in green, change your password immediately because it will be hacked.

یعنی اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کا فیس بک اکاؤنٹ محفوظ ہے تو کمنٹ میں "BFF” ٹائپ کیجیے، اگر وہ سبز رنگ کا نظر آئے تو سمجھیں آپ کا اکاؤنٹ محفوظ ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو فوری طور پر اپنا پاس ورڈ تبدیل کرلیں کیونکہ اکاؤنٹ ہیک ہو جائے گا۔

حقیقت یہ ہے کہ اس دعوے کی سرے سے کوئی بنیاد ہی نہیں۔ یہ تو نہیں معلوم کہ دراصل اس دعوے کا آغاز کہاں سے ہوا لیکن ہر افواہ کی طرح یہ فیس بک پر بہت تیزی سے پھیلا ضرور۔

فیس بک نے 23 اکتوبر 2017ء کو مختلف نئے فیچرز متعارف کروائے تھے، جن میں چند مقبول تبصروں کے ساتھ animations بھی منسلک کی گئی تھیں۔ جیسا کہ آپ congratulations لکھیں، یا اردو میں "مبارکباد” ہی لکھ دیں، تو نہ صرف تبصرے کا رنگ تبدیل ہونے لگا بلکہ اس پر کلک کرنے سے ایک خوبصورت animation بھی سامنے آ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ xoxo، rad، lmao، thank you so much اور bff بھی ان تبصروں میں شامل کیے گئے جو animate کر سکتے ہیں۔

BFF دراصل "Best Friends Forever” کا مخفف ہے۔ یعنی صاف ظاہر ہے کہ BFF کا فیس بک کی اکاؤنٹ سکیورٹی سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ اگر کوئی BFF سبز رنگ کا لکھا نہ بھی نظر آئے تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس صارف کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے، بلکہ اس کی وجہ آپ کے براؤزر کی سیٹنگ ہو سکتی ہے۔