کیا آپ 9 سال پرانا آئی فون خریدیں گے؟

3,718

ایپل نے جون 2009ء میں آئی فون 3جی ایس متعارف کروایا تھا جو اس وقت کا "تیز ترین اور اسمارٹ ترین” فون تھا، "بہتر” کیمرے، وڈیو ریکارڈنگ اور وائس کنٹرول کے ساتھ۔

لیکن اب 9 سال گزر چکے ہیں اور اب اسمارٹ فون کی دنیا مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے اور آئی فون 3جی ایس تو اب آثار قدیمہ لگتا ہے لیکن اس کے باوجود ایک ادارے نے 40 ڈالرز فی عدد میں بیچنا شروع کردیا ہے۔

3.5 انچ اسکرین، 600 میگاہرٹز پروسیسر اور زیادہ سے زیادہ 32 جی بی اسٹوریج رکھنے والا یہ فون آئی او ایس 6 چلاتا ہے یعنی کئی جدید ایپس اور گیمز اس پر نہیں چل سکتے لیکن یہ آئی فون کے چاہنے والوں کو شاید آج بھی پسند ہے، اسی لیے تو جنوبی کوریا کی کمپنی ایس کے ٹیلنک نے ایک مرتبہ پھر آئی فون 3جی ایس کی فروخت شروع کردی ہے۔ یہ مکمل طور پر نئے فون، اصل پیکنگ اور ایپل کے اوریجنل لوازمات کے ساتھ، پیش کر رہا ہے وہ بھی صرف 40 ڈالرز میں۔ ہر فون کو مکمل جانچ کے بعد فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

ایس کے ٹیلنک عام طور پر استعمال شدہ فونز فروخت کرنے کا کام کرتا ہے اور آئی فون 3جی ایس کی یہ فروخت ایس کے سیون موبائل آن لائن مال کے اجراء کے موقع پر شروع کی جا رہی ہے۔

چلیں لینے والے کال کرنے، میسیج بھیجنے اور میوزک چلانے کا کام تو کر ہی لیں گے، پھر شکر ہے کہ فیس بک اور واٹس ایپ پر ضائع ہونے والا وقت بھی بچ جائے گا۔