کیا سونی ایکسپیریا دنیا کا پہلا 5G اسمارٹ فون ہوگا؟

1,166

سونی نے حال ہی میں ایک بلاگ میں اسمارٹ فون تاریخ میں پیش کردہ اپنی جدّتوں کو بیان کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون میں جدّت لانا سونی موبائل کے ڈیزائن فلسفے کی بنیاد ہے اور کئی ایسے فیچرز ہیں جو ایکسپیریا صارفین کو پہلی بار ملے اور انہوں نے فون استعمال کرنے کے طریقے کو ہی تبدیل کردیا۔ جیسا کہ ایکسپیریا زیڈ فروری 2013ء میں جاری ہوا جو کسی بھی اسمارٹ فون میں پانی سے حفاظت (واٹر ریزسٹنس) کی بلند ترین سطح رکھتا تھا، ایکسپیریا ایکس زیڈ پریمیئم 4کے ڈسپلے کا حامل تھا جبکہ ایکس زیڈ2 دنیا کا پہلا اسمارٹ فون تھا جو 4کے ایچ ڈی آر مووی ریکارڈنگ دیتا تھا۔

ماضی کی باتیں ایک طرف، لیکن سونی نے گزشتہ مئی میں اگلے سال کے لیے اپنے عزائم کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ 5جی دور کے لیے ایکسپیریا فون جاری کرے گا۔ پھر یہ بھی کہا کہ نئے ایکسپیریا فونز میں وہ جدید کیمرا تجربہ بھی پیش کرے گا۔ تو ماضی کے کارناموں کی بنیاد پر مستقبل کے لیے کون سی ایسی جدت ہے جو سونی پیش کرنے جا رہا ہے؟ لگتا ہے پہلا دروازہ 5جی اسمارٹ فون کے ساتھ کھلے گا۔

ادھر ہواوی کا کہنا ہے کہ میٹ 30 یا پی 30 اور پی30 پرو 5 جی ہوں گے۔ ون پلس تصدیق کرچکا ہے کہ وہ بھی اگلے سال 5جی اسمارٹ فون جاری کرے گا اور سام سنگ گلیکسی ایس10 کے بارے میں بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ 5جی کا حامل ہوگا۔ ان تمام ہیڈسیٹس میں سے جس کا اعلان سب سے پہلے کیا گیا وہ گلیکسی ایس10، ہواوی پی30 اور پی30 پرو ہیں۔ گلیکسی ایس فون موبائل ورلڈ کانگریس میں جاری ہوتا ہے جو ہر سال فروری کے اختتام پر ہوتی ہے۔ ہواوی نے 2018ء میں اسی شو کے دوران اپنے پی20 پرو کا اعلان کیا تھا گو کہ اس کی باضابطہ رونمائی 27 مارچ تک نہیں کی تھی۔

اس لیے اگر سونی دنیا کا پہلا 5 جی فون پیش کر سکتا ہے تو یہی وقت ہے اور ہم کہہ سکتے ہیں فروری 2019ء کے اختتام پر 5جی ایکسپیریا کی رونمائی ہو سکتی ہے۔