کوڈیک بھی کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے میدان میں کود پڑا

717

کوڈیک نے آج اپنے بلاک چین پلیٹ فارم کوڈیک ون (KodakOne) کا اعلان کردیا ہے جو کوڈیک کوائن نامی ایک ٹوکن متعارف کروائے گا۔ یہی خبر ہے جس نے کوڈیک کے حصص کو آسمان تک پہنچا دیا ہے۔ ایک ہی دن میں کوڈیک کے حصص کی قیمت میں44 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

کوڈیک کے سی ای او جیف کلارک کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کی صنعت کی وابستہ زیادہ تر افراد کے لیے ‘بلاک چین’ اور ‘کرپٹو کرنسی‘ گرما گرم موضوعات ہیں لیکن فوٹوگرافرز طویل عرصے سے اپنے کام پر کنٹرول رکھنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، اور یہ ٹیکنالوجی ان کے مسائل کو حل کر سکتی ہے، ایسے مسائل کو جنہیں لا ینحل سمجھا جاتا ہے۔ کوڈیک فوٹوگرافی کے عمل کو عمومی سطح پر لانا چاہتا ہے اور لائسنسنگ کو فوٹوگرافرز کے لیے آسان بنانے کا خواہشمند ہے۔ یہ ٹیکنالوجیز فوٹوگرافی کمیونٹی کو اس کا ایک جدید اور آسان طریقہ فراہم کریں گی۔

کوڈیک نے اس منصوبے کے لیے وین ڈجیٹل (WENN Digital) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ کوڈیک کوائن کوڈیک ون بلاک چین پلیٹ فارم پر کام کرے گا تاکہ فوٹوگرافرز کے لیے ڈجیٹل رائٹس مینجمنٹ کا مکمل طور پر محفوظ طریقہ فراہم کرے۔

ٹوکن رکھنے والے نئی تصاویر اپلوڈ کرنے، پرانے کام کو محفوظ کرنے اور پلیٹ فارم پر اپنی تصاویر کے حقوق کو سنبھالنے کے قابل بنیں گے۔ صارفین پلیٹ فارم سے براہ راست اپنے کام کو لائسنس کرنے کی سہولت بھی رکھیں گے۔ ممکنہ طور پر کوڈیک ون کے نظام میں کئی دیگر مصنوعات بھی پیش کی جائیں گی۔

ادارہ تصویر کو پہچاننے کے سافٹویئر کے لیے مصنوعی ذہانت کو بھی شامل کرے گا، جس کی مدد سے وہ ان تصاویر کی ویب پر تلاش کرے گا جو اس کے پلیٹ فارم سے اٹھائی گئی ہیں۔ امیج ریکگنیشن اور بلاک چین ٹیکنالوجی کا ملاپ کوڈیک کوائن کو بہترین اور کارآمد ٹوکن میں بدل سکتا ہے۔

اس بارے میں ابھی تک بہت زیادہ معلومات جاری نہیں کی گئی لیکن توقع ہے کہ کوڈیک کوائن کی ویب سائٹ کہتی ہے کہ یہ جلد جاری ہو جائے گا۔