کیا ایپل دو سم والا آئی فون جاری کرنے والا ہے؟

20,995

دو سم والے اسمارٹ فون کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔ موبائل فون تیار کرنے والی تقریباً تمام معروف کمپنیاں دو سم والے اسمارٹ فون بھی بناتی ہیں، لیکن ایپل نے اب تک دو سم والے آئی فون کا اجراء نہیں کیا۔ اب شاید یہ انہونی ہونے جارہی ہے۔

دو سم والے آئی فون کے بارے میں کچھ اطلاعات اس سال کے شروع میں آئی تھیں  ۔ اب iOS 12 کے گزشتہ روز جاری کیے گئے بی ٹا ورژن  میں موجود کچھ فیچرز نے اس بات پر مہر ثبت کردی ہے کہ ایپل ضرور دو سم والے کسی فون یا ڈیوائس پر کام کررہا ہے۔ غالب امکان یہی ہے کہ دو سم والی یہ ڈیوائس آئی فون ہوگی۔ اس مبینہ دو سم والی آئی فون کو  آن لائن کمیونٹی کی جانب سے آئی فون ایکس پلس کا نام دیا جارہا ہے ۔

iOS 12 کے بی ٹا ورژن 5 میں dual-SIM کے کئی حوالے موجود ہیں جبکہ اس آپریٹنگ سسٹم میں دوسری SIM ٹرے کا آپشن بھی موجود ہے۔ جس سے پتا چلتا ہے کہ اگلے کسی آئی فون میں ممکنہ طور پر دو سم لگانے کی سہولت موجود ہوگی ۔

توقع ہے کہ ایپل اس سال ستمبر میں آئی فون کی تقریب منعقد کرے گا جس میں افواہ ہے کہ تین نئے آئی فونز کی رونمائی کی جائی گی۔ ان میں آئی فون ایکس پلس بھی شامل ہے جس کی اسکرین کا سائز ساڑھے چھ انچ تک ہوسکتا ہے۔