لینووو زیڈ 5 جس پر سب کی نظریں ہیں

2,453

لینووو زیڈ 5 جون کی 5 تاریخ کو چین میں لانچ کیا جائے گا اور اگر اس میں وہی کچھ ہوا کہ جس کی افواہیں اڑ رہی ہیں تو یہ ایک باکمال فون ہوگا۔

کہا جا رہا ہے کہ لینووو کی ZUK سیریز کے اس جدید ترین ہینڈ سیٹ میں کئی انقلابی چیزیں متعارف کروائی جائیں گی جیسا کہ اس کا اسکرین-ٹو-باڈی ریشو 95 فیصد ہے۔ اگر یہ حقیقت ہوئی تو بلاشبہ یہ اسکرین کے معاملے میں تمام اینڈرائیڈ فونز کو پیچھے چھوڑ دے گا، شیاؤمی، سام سنگ اور ہواوی سب کو، جو اب تک حقیقی فل اسکرین ڈیوائس نہیں بنا پائے۔ گو کہ لینووو ٹیکنالوجی میں جدت کے حوالے سے پیش پیش نہیں رہتا لیکن لگتا ہے کہ زیڈ 5 یہ ثابت کرے گا۔

یہی نہیں بلکہ اس میں اور بھی بہت کچھ حیران کن ہے جیسا کہ کہا جا رہا ہے کہ اس میں 4 ٹیرابائٹس کی انٹرنل اسٹوریج ہوگی اور 45دن کا اسٹینڈبائی ٹائم رکھنے والی بیٹری۔ یقین نہیں آتا لیکن یہ اسمارٹ فون کی دنیا میں لینووو کی بہت بڑی چھلانگ ہوگی۔ ایک ایسے دور میں جب 45 گھنٹے کی بیٹری دینے میں کمپنیوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، اس میں 45 دن کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان دعووں کے بعد تو ہمیں اور سب کو شدت سے انتظار ہے کہ اگلے ہفتے کیا ہوگا؟