ایل جی اگلے ماہ پانچ نئے اسمارٹ فونز متعارف کروائے گا

1,975

معروف ٹیکنالوجی بلاگ اینڈروئیڈ اتھارٹی کی جانب سے شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق ایل جی اگلے ماہ یعنی جون میں ایک دو نہیں بلکہ اکٹھے پانچ اسمارٹ فونز متعارف کروا رہا ہے۔ ان میں ایل جی V35, Q7, Q7 plus, X5 2018, اور X2 (2018) ماڈلز شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر کوریا میں متعارف کروائے جانے والے ان فونز میں سب سے زیادہ قیمت V35 کی ہو گی اور پھر بتدریج کم ہوتی X2 کے لیے سب سے کم ہو گی۔

ایل جی V35

یہ ایل جی کی ایک پریمیم ڈیوائس ہے جو کہ حال ہی میں متعارف کردہ ایل جی کے G7 ThinQ کی حریف ہو گی۔ ایل جی G7 ThinQ کے متعلق کمپیوٹنگ پر پہلے ہی ایک مضمون شائع ہو چکا ہے جسے آپ اس لنک پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایل جی V35 میں 6 گیگا بائٹس عارضی میموری، 64 گیگا بائٹس اندرونی اسٹوریج، 8 میگا پکسلز کیمرا اور 3300 ایم اے ایچ بیٹری کی تنصیب کی گئی ہے۔

کچھ خبروں میں V35 کو بھی ایل جی کے مصنوعی ذہانت پر مشتمل سافٹ وئیر ThinQ سے لیس قرار دیا گیا ہے۔ لیکن "اینڈروئیڈ اتھارٹی” نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔

ایل جی Q7 اور Q7 plus

متوسط طبقے کے لیے جاری ہونے والے ان دونوں اسمارٹ فونز کے متعلق تفصیلات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔ خبر کے مطابق دونوں فونز کی کوریا میں قیمت 370 سے 463 امریکی ڈالر ہو سکتی ہے۔

ایل جی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ فونز کوریا میں متعارف کروائے جائیں گے بعد میں ان کا دائرہ کار امریکہ، یورپ اور ایشیا تک بڑھایا جائے گا۔

ایل جی X5 اور X2

ایل جی کے X2 اور X5 فونز 2016 میں پہلے جاری کیے تھے لیکن خیال رہے کہ مضمون میں بیان کردہ یہ دونوں فونز 2018 ورژنز ہیں۔ رپورٹ کے مطابق X5میں 5.5 انچ ہائی ڈیفینیشن ڈسپلے، میڈیا ٹیک 6750 چپ سیٹ، 2 گیگا بائٹس عارضی میموری، 32 گیگا بائٹس اندرونی اسٹوریج، 13 میگا پکسل عقبی، 3 میگا پکسل ثانوی کیمرہ اور انگلی کے نشانات کو محسوس کرنے والے حساسیے نصب ہوں گے۔ اس فون کی سب سے بڑی خوبی 4500 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری ہے۔ جبکہ اس کی قیمت تقریباً 278 امریکی ڈالرز متوقع ہے۔

ایل جی X2 نسبتاً کم خصوصیات اور کم قیمت ماڈل ہے۔ اس میں 5 انچ ہائی ڈیفینیشن ڈسپلے، اسنیپ ڈریگن 425 چپ سیٹ، 13 میگا پکسل عقبی، 5 میگا پکسل ثانوی، 2 جی بی عارضی میموری، 32 جی بی اسٹوریج اور 2410 ایم اے ایچ بیٹری نصب ہو گی۔جبکہ اس فون کی قیمت 185 اعشاریہ 17 ڈالرز یعنی تقریباً بائیس ہزار پاکستانی روپے مقرر کی گئی ہے۔