ایل جی کے نئے اسمارٹ فون ایل جی نیو کی تفصیلات لیک

3,428

اسمارٹ فون بنانے والے ادارے ایل جی نے اس سال موبائل ورلڈ کانگریس میں کسی قابل ذکر فون کو متعارف نہیں کروایا. ماسوائے وی 30 کے جو کہ دراصل گزشتہ سال متعارف کروائے گئے ماڈل ہی کی ایک ترمیم شدہ شکل ہے. تاہم ایک خبر کے مطابق ایل جی جلد ہی اپنا بہترین اسمارٹ فون متعارف کروانے جا رہا ہے جسے ایل جی "نیو” کا نام دیا گیا ہے۔

معروف بلاگر ایوان بلاس نے یہ انکشاف کیا ہے کہ موبائل ورلڈ کانگریس میں ایل جی نے ایک خفیہ اجلاس میں اپنے نئے فون کے حوالے سے کچھ گفت و شنید کی ہے. عام صارفین اور میڈیا سے خفیہ رکھنے کے باوجود ایک اسرائیلی خبر رساں ادارے "وائی نیٹ” نے اس خفیہ اجلاس کی کچھ تصاویر لیک کر دی ہیں جن میں ایل جی کے نئے فون کے پروٹوٹائپ اور اس سے متعلقہ ہارڈویئر دیکھے جا سکتے ہیں۔

معلومات کے مطابق ایل جی نیو 6.1 انچ کے ایل سی ڈی ڈسپلے پر مشتمل ہو گا جو کہ ایل جی کے تمام گزشتہ فونز سے کہیں بہتر اور روشن ڈسپلے ہو گا. قوی امکان ہے کہ یہ فون کوالکوم سنیپ ڈریگن 845 چپ پر مشتمل ہو گا جو سام سنگ کے گیلیکسی ایس 9 میں بھی استعمال کی گئی ہے۔

64 جی بی روم اور 4 جی بی ریم کے ساتھ یہ فون پانی کا مزاحم اور وائرلیس چارجنگ جیسی خوبیوں سے مالا مال ہو گا.
ٹیکنالوجی ویب سائیٹ "سی نیٹ” کے رابطہ کرنے پر ایل جی حکام نے اس خبر کی تردید یا تصدیق کرنے سے انکار کیا اور بیان جاری کیا کہ ایل جی جولائی سے پہلے اس فون کی حتمی اور آفیشل معلومات جاری کرے گا۔