مقبول ترین ای میل سروس اب نئے روپ میں

1,604

دنیا کی مقبول ترین ای میل سروس کو اب ایک بالکل نیا روپ مل گیا ہے۔ گوگل نے باضابطہ طور پر تصدیق کردی ہے کہ جی میل کو ویب کے لیے ری ڈیزائن کردیا گیا ہے اور اس میں ظاہری شکل و صورت کے ساتھ کئی اندرونی خوبیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔

عالمی سطح پر پیش کردہ اس نئے ڈیزائن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ فوری طور پر یہ جی میل کے تمام 1.4 ارب صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگا اور خودکار طور پر تبدیل ہونے کے بجائے صارفین کو مدعو کیا جائے گا۔ جی میل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد صارفین کو زیادہ محفوظ اور کام کو زیادہ سیر حاصل بنانا ہے۔

تحفظ کے حوالے سے کی گئی سب سے نمایاں تبدیلی confidential mode یعنی خفیہ موڈ کی ہے۔ یہ صارف کو کسی بھی حساس ای میل کی انتہائی تاریخ (expiry date) مقرر کرنے کی سہولت دیتی ہے۔

اس کے علاوہ کاروباری اداروں کے لیے بھی چند خصوصیات پیش کی گئی ہیں جیسا کہ مخصوص پیغامات کو فارورڈ، نقل، ڈاؤنلوڈ یا پرنٹ کرنے سے روکنا وغیرہ۔ ساتھ ہی ہر پیغام کی بنیاد پر Two-factor authentication بھی شامل کی گئی ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اس نے پس پردہ سکیورٹی ری ڈیزائن بھی کیا ہے، جس میں بنیادی توجہ فشنگ پروٹیکشن کو دی گئی ہے۔ ای میل اسنوزنگ بھی اب جی میل میں آ گئی ہے یعنی آپ کسی بھی ای میل کو بعد میں پڑھنے کے لیے اسنوز کر سکتے ہیں۔

پھر ہوور کرنے پر آنے والا مینیو بھی عمدہ ہے جس میں کسی بھی ای میل پر عام اقدامات آتے ہیں جیسا کا آرکائیو کرنا، ڈیلیٹ، پڑھ لیا یا بعد میں پڑھنے کے لیے snooze کرنا شامل ہیں۔ پھر ایپ کی طرح ویب میں بھی اب اسمارٹ رپلائی آ گیا ہے۔ آپ کو نیچے مناسب جوابات نظر آئیں گے جن میں سے کسی کا انتخاب کرکے ٹائپنگ کیے بغیر رپلائی کیا جا سکتا ہے۔

ظاہری شکل و صورت میں سب سے بڑا اضافہ بلاشبہ دائیں جانب سائیڈپینل کا ہے۔ اس کا مقصد جی میل کو گوگل کے جی سوٹ کی دیگر ایپس سے منسلک کرنا ہے جیسا کہ گوگل کیلنڈر، کیپ اور نئے گوگل ٹاسکس سے۔ پبلک کے بے حد اصرار پر گوگل نے آف لائن موڈ کا بھی اضافہ کیا ہے۔

ابھی فوری طور پر اپنے جی میل اکاؤنٹ میں لاگ ان ہوں، اگر آپ کو نیا جی میل نہ ملے تو دائیں جانب اوپر بنے سیٹنگز کے آئیکون پر کلک کیجیے اور یہاں سے Try the new Gmail کو منتخب کریں۔