مشہور مائیکروبس 2022ء میں واپس آئے گی

704

فوکس ویگن کی مائیکروبس کو تاریخ میں بہت اہمیت حاصل رہی ہے۔ 2013ء میں سیفٹی مسائل کی وجہ سے اس کی پیداوار بند کردی گئی ہے لیکن پچھلے سال ایک ایسی مائیکروبس کا تصور پیش کیا گیا تھا جو مکمل طور پر بجلی سے چلتی ہو۔ اب فوکس ویگن نے تصدیق کردی ہے کہ وہ 2022ء سے ایک مرتبہ پھر مائیکروبس کی پیداوار اور فروخت شروع کردے گا۔

1950ء کی دہائی میں بننے والے مائیکروبس کو تاریخ میں خاص مقام حاصل رہا ہے، خاص طور پر امریکا میں 60ء کی دہائی میں اسے کاؤنٹر کلچر موومنٹ میں ایک علامت سمجھا جاتا تھا۔


لیکن ایئر بیگز کی عدم موجودگی اور اینٹی-لاک بریکس سمیت دیگر سیفٹی مسائل کی وجہ سے 2013ء میں مائیکروبس کی پیداوار روک دی گئی۔


2017ء کے اوائل میں فوکس ویگن نے مائیکروبس کا ایک نیا اور اچھوتا خیال پیش کیا۔


اس نئے ماڈل کو آئی ڈی بز (I.D. Buzz) کا نام دیا گیا، جو مکمل طور پر بجلی سے چلے گی۔


آئی ڈی بز فوکس ویگن کی I.D. SUVکے بعد ادارے کی دوسری برقی گاڑی ہوگی جو پیداواری مرحلے تک جائے گی۔


جدید کاروں کی طرح آئی ڈی بز میں ناب اور بٹنوں کی جگہ گاڑی کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک ٹچ اسکرین ہوگی۔


فوکس ویگن آئی ڈی بز میں ایسی ٹیکنالوجی متعارف کروانے کا منصوبہ رکھتا ہے جو اسے اگلی دہائی کے وسط تک خودکار ڈرائیونگ کی جانب لے جائے۔


تب تک اس گاڑی میں آگمینٹڈ ریالٹی کی خصوصیات اور چھت پر لیزر اسکینرز ہوں گے جو ڈرائیونگ کے تجربے کو زیادہ آسان بنائیں گے۔


آئی ڈی بز 369 ہارس پاور کی گاڑی ہوگی۔


اس کی بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 300 میل تک کی مسافت طے کر سکے گی اور صرف 30 منٹ میں 80 فیصد تک چارج ہونے کی صلاحیت رکھے گی۔


آپ روایتی چابی کے بجائے محض اپنے فون سے بھی گاڑی کھول سکیں گے۔


یہ بڑی گنجائش کی حامل گاڑی ہوگی جس میں سیٹوں کر حرکت دے کر مزید جگہ بھی بنائے جا سکے گی۔


اس سہولت کی وجہ سے سونے کی جگہ بھی باآسانی بن سکے گی، یا پھر کسی طویل سفر کے لیے خاصا سامان رکھا جا سکے گا۔


آئی ڈی بز 99 میل فی گھنٹہ تک کی رفتار کو چھو سکے گی اور صرف 5 سیکنڈ میں صفر سے 60 میل فی گھنٹے تک رفتار حاصل کرے گی۔


گاڑی میں پیچھے اور آگے دونوں جگہ سامان رکھنے کی جگہ ہوگی۔


فوکس ویگن کو امید ہے کہ یہ گاڑی 2022ء میں فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔