مائیکروسافٹ سرفس فون اگلے سال سے پہلے ریلیز کیا جانا ممکن نہیں

6,445

مائیکروسافٹ کے کافی عرصے سے زیر التواء سرفس اسمارٹ فون کے متعلق کئی ماہ سے افواہیں زیر گردش ہیں۔ حال ہی میں اس فون مبینہ فون کے بارے میں کچھ تفصیلات بھی لیک ہوئیں۔ لیکن اب خبر یہ ہے کہ مائیکروسافٹ اس اسمارٹ فون (جسے آفیشلی ابھی تک کوئی نام نہیں دیا گیا) کو اگلے سال سے قبل لانچ نہیں کرپائے گا۔ یہ تہہ ہوجانے والا اسمارٹ فون مائیکروسافٹ کا پہلا سرفس فون ہوگا۔

دوسری جانب سام سنگ کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ اگلے سال کے اوائل میں ہی فولڈ ایبل یعنی تہہ ہونے والا اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کردے گا۔

سرفس فون کا پس منظر

ٹیکنالوجی بلاگ ٹومز گائیڈ میں شائع ہونے والی روئداد کے مطابق مائیکروسافٹ بھی ایپل اور سام سنگ کی طرح دہری اسکرین والے فونز کی جنگ میں حصہ لینے جا رہا ہے۔ لیکن اس کی دہری اسکرین دیگر فونز کی بہ نسبت مختلف خصوصیات کی حامل ہے۔ مثلاً اس میں ایک کی بجائے کئی حالتیں ہوں گی۔ ان حالتوں میں بند، محدب، ستواں، مقعر اور مکمل حالت شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ کا سرفیس فون نا صرف تہہ یعنی فولڈ ہو سکے گا بلکہ اس کا سافٹ وئیر فون کی ہر حالت کے بارے میں کماحقہ آگاہ ہو گا اور اسی کے مطابق ردعمل دے گا۔ مثلاً خیمہ جاتی موڈ میں آپ اور آپ کا دوست میز کے آرپار بیٹھے اسکرین پر مختلف مناظر دیکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح مقعر Concave موڈ میں آپ فون کے ایک حصے کو دوسرے حصے پر کچھ لکھنے کے لیے کی بورڈ کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مائیکروسافٹ سرفیس فون انہیں استعمال کرے گا یا نہیں۔ تاہم ماضی میں ہمیشہ ایسی افواہیں تقریباً سو فی صد سچ ثابت ہوئیں ہیں۔ اس لیے دیکھتے ہیں کہ مائیکروسافٹ اپنے صارفین کے لیے اس بار کیا نیا لے کر آتا ہے۔