مائیکروسافٹ نے گٹ ہب خرید لیا

1,629

مائیکروسافٹ گٹ ہب (GitHub) کو حاصل کر رہا ہے۔ سافٹ ویئر بنانے والے اس عظیم ادارے کے بارے میں پتہ چلا تھا کہ یہ گٹ ہب کو حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے اور اب مائیکروسافٹ نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے۔ سی ای او ستیا نڈیلا کے دور میں دو سال قبل مائیکروسافٹ نے 26.2 ارب ڈالرز میں لنکڈاِن کو خریداتھا اور اب یہ دوسرا بڑا حصول ہوگا۔ گٹ ہب کی مالیت کا اندازہ 2015ء میں 2 ارب ڈالرز لگایا گیا تھا لیکن مائیکروسافٹ حصص کی صورت میں اسے ساڑھے 7 ارب ڈالرز کی ادائیگی کر رہا ہے اور یہ مالی سودا رواں سال ہی مکمل ہو جائے گا۔

گٹ ہب کوڈ کی ایک عظیم رپوزیٹری ہے جو ڈیولپرز اور ایسے اداروں میں بہت مقبول ہے جو پورے منصوبے، ڈاکیومنٹیشن اور کوڈ کو ہوسٹ کرتے ہیں۔ ایپل، ایمیزن، گوگل اور کئی دیگر بڑے ادارے گٹ ہب کا استعمال کرتے ہیں۔ گٹ ہب پر 85 ملین رپوزیٹریز موجود ہیں اور 28 ملین ڈیولپرز اس پر کام کرتے ہیں۔ گٹ ہب اب سی ای او نیٹ فریڈمین کی قیادت میں کام کرے گا، جو سیمارن کے بانی ہیں، اور وہ مائیکروسافٹ کے کلاؤڈ اور اے آئی سربراہ اسکاٹ گتھری کو جوابدہ ہوں گے۔ گٹ ہب کے سی ای او اور شریک بانی کرس وانسٹریتھ اب مائیکروسافٹ میں ٹیکنیکل شعبے سے وابستہ ہوں گے اور وہ بھی گتھری کو رپورٹ کریں گے۔

یہ بات حیران کن نہیں ہے کہ مائیکروسافٹ نے گٹ ہب کو حاصل کرلیا ہے کیونکہ مائیکروسافٹ نے دسمبر میں اپنے گٹ ہب مقابل منصوبے کوڈپلیکس کو بند کردیا تھا۔

مائیکروسافٹ کے لیے صارفین کا اعتماد حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ ماضی کے چند واقعات کی وجہ سے ڈیولپرز اپنی آواز اٹھا رہے ہیں۔ پھر اسکائپ اور نوکیا خریدنے کے ناکام منصوبے بھی سامنے ہیں۔ پھر گٹ ہب کے بھی گزشتہ چند سالوں میں اپنے مسائل رہے ہیں جو اب مائیکروسافٹ کو حل کرنا ہوگا۔