موٹرولا کے جدید موٹو ون پاور فون کی تفصیلات لیک

1,219

موٹرولا نے اپنی مشہور عالم”موٹو” برانڈ کے ساتھ معدودے چند ہی اسمارٹ فون ماڈلز متعارف کروائے ہیں۔ البتہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے مارکیٹ میں موٹرولا ون پاور کے نام سے نیا فلیگ شپ فون متعارف کروائے جانے کی خبریں زیر گردش ہیں۔

تاحال موٹرولا کی جانب سے موٹو ون پاور کے متعلق کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ لیکن ٹیک انفو بٹ نامی بلاگ پر موٹرولا کے اس جدید فون کی کچھ تصاویر لیک کی گئیں ہیں۔

ان تصاویر کا موآزنہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ موٹرولا ون پاور فون سامنے سے نوچ اسکرین پر مشتمل ہو گا۔ اس نوچ میں ثانوی کیمرہ، ائیر پیس، اور حساسیے نصب ہوں گے۔ عقبی جانب عمودی طور پر نصب کیے گئے دہرے کیمرے اور انگلی کے نشانات کا حساسیہ بھی نصب کیا گیا ہے۔

لیک شدہ تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ فون میں سم کارڈ سلاٹ اور USB-C تو نصب ہوں گے البتہ 3.5 ملی میٹر آڈیو جیک کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ عرصہ پہلے ایک بلاگ کے ذریعے یہ بتایا گیا تھا کہ موٹرولا ون پاور میں 4 گیگا بائٹس کی عارضی میموری، 6.2 انچ ڈسپلے اور اسنیپ ڈریگن 636 چپ نصب ہو گی۔ جبکہ اس میں 3780 ملی ایمپئر کی بیٹری بھی نصب کی گئی ہے۔

موٹرولا ون پاور فون کی تاریخِ ریلیز اور قیمت وغیرہ کے بارہ میں ابھی فی الحال علم نہیں ہو سکا ہے۔ جونہی اس سلسلے میں کوئی نئی خبر سامنے آئی تو ہم آپ کو کمپیوٹنگ کے ذریعے ضرور آگاہ کریں گے۔