موٹورولا ریزر فون ایک مرتبہ پھر آئے گا؟

1,374

لینووو کے سی ای او ہانگ یوان چنگ نے اشارہ دیا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ موٹورولا ریزر (Razr) سیریز ایک مرتبہ پھر واپس آئے۔ یانگ نے موبائل ورلڈ کانگریس 2018ء کے دوران ایک انٹرویو میں ایک سوال پر تبصرہ کیا ہے کہ "نئی ٹیکنالوجی، خاص طور پر فولڈیبل اسکرینز کے آنے کے بعد، آپ ہمارے اسمارٹ فون ڈیزائن میں زیادہ سے زیادہ جدّت دیکھیں گے۔ امید ہے کہ آپ کے کہنے کے مطابق موٹورولا ریزر برانڈ بنایا جائے یا جلد حقیقت کا روپ دھار لے۔” یانگ سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا موٹورولا ریزر نئے ڈیزائن کے ساتھ دوبارہ پیش کیا جائے گا یا نہیں۔

لینووو نے 2014ء میں موٹورولا خرید لیا تھا جس نے 2000ء کی دہائی کے وسط میں ریزر سیریز متعارف کروائی تھی جو بہت مشہور ہوئی تھی۔ اس کا صرف ایک ماڈل V3 ہی تاریخ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز میں سے ایک ہے، جو 130 ملین کی تعداد میں فروخت ہوا تھا۔ لیکن ٹچ اسکرین اسمارٹ فونز کے آتے ہی فلپ فونز آہستہ آہستہ قصہ پارینہ بن گئے۔

ریزر لائن اپ 2016ء میں لینووو کی ایک اشہاری وڈیو کا موضوع بھی رہا ہے اور یہیں سے یہ باتیں گردش میں آنے لگیں کہ یہ فون ایک مرتبہ پھر واپس آئے گا۔ لینووو کے پاس ایسا قدم اٹھانے کی ایک مضبوط وجہ ضرور ہے۔ HMD گلوبل صرف ایک سال کے دوران مارکیٹ کا چھٹا سب سے بڑا اسمارٹ فون ادارہ بن چکا ہے یعنی لینووو سے بھی آگے نکل گیا ہے۔ گزشتہ 12 ماہ میں اس نے نوکیا 8110 اور نوکیا 3310 جیسے کلاسک فونز کو ایک نئی زندگی دی ہے۔ اندازہ تو نہیں کہ یہ فونز کتنی تعداد میں فروخت ہوئے لیکن مارکیٹنگ تناظر سے دیکھیں تو انہوں نے ادارے کو آگے بڑھنے میں بہت مدد دی کیونکہ ان دونوں فونز کی جو کلاسیکی حیثیت تھی، اس کی وجہ سے ادارے کو بہت زیادہ میڈیا کوریج ملی۔

پھر فولڈیبل اسمارٹ فونز کا آغاز بھی ریزر برانڈ کو ایک نئی زندگی دے سکتا ہے۔ تصور کیجیے نیا ریزر فون آپ کے ہاتھ میں ہو، جاندار خصوصیات، فولڈیبل ٹچ اسکرین ڈسپلے کے ساتھ، سوچ سوچ کر لطف آ رہا ہے۔

کیا آپ سمجھتے ہیں کہ موٹورولا ریزر نئی زندگی پا سکتا ہے؟ اپنی رائے ضرور دیجیے۔