نئے آئی فونز میں فاسٹ چارجنگ کی سہولت ہوگی

2,070

اینڈرائیڈ صارفین ہمیشہ ان خصوصیات پر بات کرتے ہیں جو آئی فونز میں موجود نہیں ہوتیں، لیکن ایک سہولت ایسی ہے جو بہت جلد آئی فون میں آ سکتی ہے: فاسٹ چارجنگ۔

ایپل اپنے جدید ترین آئی فون کے ساتھ بھی 5 واٹ کا ننھا چارجر دیتا ہے، جو آپ کے فون کی بیٹری کو چارج کرنے میں گھنٹے لگا دیتا ہے۔ اس کے مقابلے میں اینڈرائیڈ ڈیوائسز سالوں سے 10 واٹ کے جاندار چارجر کے ساتھ آتی ہیں اور اب تو ایسے اسمارٹ فونز بھی میدان میں موجود ہیں جن کے ساتھ 28 واٹ کا چارجر ہوتا ہے۔ کویلکوم کا کوئیک چارج 2013ء سے اینڈرائیڈ صارفین استعمال کر رہے ہیں۔

اب معلوم ہوا ہے کہ ایپل رواں سال کے آئی فونز کے لیے 18 واٹ کے نئے چارجر پر کام کر رہا ہے، ساتھ ہی یو ایس بی سی سے لائٹننگ کیبل پر بھی۔ ایپل صارفین کا عرصے سے مذاق اڑایا جاتا ہے کیونکہ وہ اپنے آئی فون X کو میک بک سے براہ راست منسلک نہیں کر سکتے، الّا یہ کہ ڈونگل لگایا جائے یعنی اس معاملے میں بھی ایپل ‘لیٹ لطیف’ ہے۔

بہرحال، اعداد و شمار دیکھے جائيں تو وہ بھی بہت مایوس کن ہیں۔ 60 منٹ تک چارج کرنے کے بعد بھی آئی فون X صفر سے محض 37 فیصد بیٹری چارج تک پہنچتا ہے۔ دوسری جانب ون پلس 5T اپنے 20 واٹ کے چارجر کے ذریعے اتنے ہی وقت میں 93 فیصد چارجنگ کر لیتا ہے، حالانکہ اس کی بیٹری بھی کہیں زیادہ بڑی ہے۔ بلاشبہ 5T دنیا کا سب سے فاسٹ چارجنگ اسمارٹ فون ہے، لیکن آپ کوئی بھی فلیگ شپ اینڈرائیڈ فون اٹھا کر دیکھ لیں، وہ اتنی دیر میں کم از کم 70 فیصد چارجنگ تو کر ہی لیتا ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ خبریں کس حد تک درست ثابت ہوتی ہیں۔