نئی ٹیکنالوجی ایجاد، جس کی مدد سے دیوار کے آر پار بھی دیکھا جا سکے گا

1,990

کہتے ہیں کہ تخلیے میں بات کرتے ہوئے احتیاط کرنی چاہیے کیونکہ دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ دیوار کے پار کوئی آپ کی بات سن رہا ہو۔ لیکن فکر نا کیجیے سائنسدانوں نے اس کا حل بھی نکال لیا ہے۔

خبر ہے کہ میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے ایک ایسی ٹیکنالوجی ایجاد کی ہے جس کی مدد سے دیوار کے آر پار دیکھا جا سکتا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے کمپیوٹر سائنٹسٹ نے اس نظام کو مصنوعی تجربہ گاہ میں تیار کیا ہے۔

اس نظام کی مدد سے آپ کی حرکات و سکنات کی تجدید کر کے دکھایاجاتا ہے۔ یہ وائرلیس ریڈیو سگنل کی مدد سے آپ کی موجودگی کو شناخت کرتا ہے۔ اور پھر RF-Pose کی مانند تجدید کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عام لوگ اس نظام کو صحت اور حفاظتی مقاصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ مثلاً اگر آپ کے گھر میں کوئی ضعیف العمر فرد رہتا ہے تو آپ اپنے کام کاج نمٹاتے ہوئے بھی اس پر نظر رکھ سکتے ہیں۔ اور کسی قسم کے مسئلے کی صورت میں فوری مدد کو پہنچ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کے کئی دیگر مقاصد بھی ہیں۔

اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ اس نظام کی مدد سے مکمل طور پر دیوار کے آر پار دیکھا جا سکتا ہے تو یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ابھی ابتداء ہے۔ اس کی بنیاد پر جلد ہی ایک مکمل نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے جس کے بعد ٹھوس دیوار کی حیثیت بھی شیشے جیسی ہو جائے گی۔