نیا آنر پلے فون 4D گیمنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہو گا

1,465

ہوواوے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رواں ہفتے 6 جون کو ہوواوے اپنا نیا اسمارٹ فون "آنر پلے” کے نام سے متعارف کروا رہا ہے۔ فون کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں پہلی بار چہار جہتی یعنی 4D گیمنگ ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے گی۔

کمپنی ترجمان نے فی الحال اس نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتانے سے گریز کیا ہے۔ البتہ یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ آنر پلے میں 4D گیمنگ تجربہ، مصنوعی ذہانت پر مبنی تکنیکات کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ فون میں مصنوعی ذہانت کا استعمال صرف 4D کے لیے ہی نہیں بلکہ کیمرہ فیچرز کے لیے بھی کیا گیا ہے۔

آنر پلے کی دیگر خصوصیات میں 5.84 انچ کی 1080×2280 پکسل ریزولیوشن کی حامل اسکرین، 13 اور 2 میگا پکسل کے عقبی اور 16 میگا پکسل کا ثانوی کیمرہ شامل ہیں۔ جبکہ یہ فون 4 جی بی عارضی میموری اور 32 یا 164 جی بی اندرونی اسٹوریج پر مشتمل ہو گا۔

ان خصوصیات کا تجزیہ کیا جائے تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ ہواوے آنر پلے دراصل ہواوے آنر 10 کا کم قیمت متبادل اسمارٹ فون ہے۔ البتہ اس میں 4D گیمنگ کا فیچر ایک ایسی خصوصیت ہے جس پر دنیا بھر کے ٹیکنالوجی ماہرین کی نظریں مرکوز ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ نئی ٹیکنالوجی سافٹ وئیر پر مبنی ہے یا ہارڈوئیر پر۔۔۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ یہ ہوواوے کا محض کاروباری حربہ ہو۔ البتہ یہ طے ہے کہ آنر پلے ہوواوے کا سال 2018 کا فلیگ شپ فون ہو گا۔ اس کی دیگر تفصیلات کے لیے ہمیں مزید پانچ دن یعنی 6 جون تک انتظار کرنا ہو گا۔