نیا فون، جس میں ہوگی 512 جی بی اسٹوریج

1,302

اگر آپ اپنی جیب میں پرسنل کمپیوٹر جیسی اسٹوریج چاہتے ہیں تو ہواوی کا نیا فون آپ ہی کے لیے ہے جس میں ہوگی 512 جی بی کی گنجائش۔ یہ زبردست اسٹوریج آئی فون X جیسے فون سے بھی دوگنی ہے بلکہ میک بک پرو کے بیشتر ماڈلز سے بھی زیادہ ہے اور فیس بک ایپ جیسی چیزوں کو 1200 مرتبہ ڈاؤنلوڈ کر سکتی ہے، وہ الگ بات کہ آپ ایک مرتبہ بھی نہیں کریں گے۔

آنے والا ہواوی فون گزشتہ ماہ چین کی ریگولیٹری ایجنسی ٹینا کی ویب سائٹ پر دیکھا گیا تھا۔ خبریں ہیں کہ یہ فون 6 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج کا حامل ہوگا۔ یہ پی20 نہیں ہوگا کیونکہ اس کے بارے میں کافی خبریں آ چکی ہیں اور ہم بھی آپ کو بتا چکے ہیں البتہ یہ پی20 کا پورش ورژن ہو سکتا ہے۔

سام سنگ نے فونز کے لیے دسمبر میں 512 جی بی کی ڈرائیوز بنانے کا آغاز کیا تھا البتہ یہ نہیں معلوم کہ ہواوی بھی یہی استعمال کرے گا۔ لیکن یہ واضح ہو گیا ہے کہ اب فونز میں بڑی اسٹوریج کے عہد کا آغاز ہو چکا ہے اور پہلا قدم ہواوی اٹھانے والا ہے۔

بڑی اسٹوریج کئی لحاظ سے ضروری ہے بالخصوص جب فونز میں بھی 4K وڈیو ریکارڈنگ کی سہولت آ چکی ہے۔ اس ہائی ریزولیوشن وڈیو پر ریکارڈنگ کے صرف 3 منٹ ہی 1 جی بی اسٹوریج کھا جاتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس ہواوی کا یہ 512 جی بی والا فون ہو تو آپ 4K پر دن بھر کی ریکارڈنگ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 4K موویز دیکھنے کے لیے بھی یہ اسٹوریج بہترین ہوگی، خاص طور پر ایسی جگہ پر جہاں وائی فائی اور انٹرنیٹ نہ ہو۔