نیا وائرلیس انقلاب: 5جی کیا ہے؟

5G on digital screen
1,572

اسمارٹ فونز اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز جیسے جیسے زیادہ اسمارٹ ہوتی جا رہی ہیں، ان کی ایپلی کیشنز کو بھی زیادہ سے زیادہ نیٹ ورک کی ضرورت پڑ رہی ہے اور اس رفتار کو حاصل کرنے کے لیے وائرلیس نیٹ ورک کو بھی تبدیل ہونا ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ویرائزن، اے ٹی اینڈ ٹی اور اسپرنٹ جیسے بڑے ٹیلی کمیونی کیشنز ادارے ففتھ جنریشن وائرلیس نیٹ ورک ٹیکنالوجی جاری کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

گو کہ کئی حلقوں نے بھاری لاگت کی وجہ سے 5جی پر تنقید کی ہے، لیکن ان سے کہیں زیادہ لوگ ایسے ہیں جو اس ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو دیکھنا چاہتے ہیں جو تیز تر اور صارفین کے لیے بھروسہ مند کنکشن فراہم کر سکتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ "انٹرنیٹ آف تھنگز” کے لیے بھی اضافی بینڈوڈتھ دے سکتی ہے۔ یعنی یہ ایسا نیٹ ورک ہے جو فونز اور کمپیوٹرز کو ہی نہیں بلکہ روبوٹس، کاروں اور ان تمام مصنوعات کے ساتھ منسلک ہو سکتا ہے جن کو انٹرنیٹ درکار ہوتا ہے۔

5جی "اسمارٹ شہروں” کے اس جدید عہد میں بھی کام آئے گا کہ جس میں بجلی کی فراہمی، ٹریفک کے سگنل اور ہنگامی سروسز میں مسائل کو کم کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال ہوگا۔

5جی کیا ہے؟

موبائل کمیونی کیشن نیٹ ورک کی یہ پانچویں نسل ہے۔ فی الحال زیادہ تر صارف 3جی یا 4جی/ایل ٹی ای کا استعمال کرتے ہیں جو 2001ء سے 2009ء کے دوران متعارف کروائی گئیں۔

5جی کے فائدے کیا ہوں گے؟

وائرلیس ٹیکنالوجی کی ہر نئی نسل تیز ترین، زیادہ قابل بھروسہ سیلولر اور انٹرنیٹ کنکشن فراہم کر رہی ہے۔ 1980ء کی دہائی میں فرسٹ جنریشن ٹیکنالوجی نے سیل فون کے ذریعے رابطے کو ممکن بنایا۔ اگلی نسل 2جی تھی جس نے زیادہ موثر اور محفوظ فونز کالز کو حقیقت کا روپ دیا اور ساتھ ہی موبائل ٹیکسٹ میسیجنگ کو متعارف کروایا۔ 3جی اسمارٹ فونز کے دور کی کہانی ہے اور 4جی/ایل ٹی ای نے تیز رفتار کنکشن دیے جس کی وجہ سے ایچ ڈی وڈیوز کو فون پر اسٹریم کرنا ممکن ہوا۔

5جی میں ڈیٹا ٹرانسفر کی رفتار 4جی کے مقابلے میں تقریباً 10 گنا زیادہ ہے۔ یعنی تصاویر اور وڈیوز کی کہیں زیادہ تیزی سے منتقلی ممکن ہو جائے گی۔ 4جی/ایل ٹی ای کے ساتھ ایک ایچ ڈی فلم ڈاؤنلوڈ کرنے میں 10 منٹ لگتے ہیں تو 5جی کے ساتھ اس میں ایک سیکنڈ بھی نہیں صرف ہوگا۔

ویسے ہمیں احساس نہیں ہوتا لیکن ڈیٹا کی ترسیل کے دوران ایک مختصر سا وقفہ ہوتا ہے۔ 5جی اس فرق کو بھی کم کرے گی یوں ہم تیز رفتار ورچوئل ریئلٹی وڈیو کو بغیر کسی وقفے کے دیکھ پائیں گے۔

یہی نہیں بلکہ 5جی ٹیکنالوجی کے حامل موبائل ٹاورز 4جی/ایل ٹی ای کے مقابلے میں زیادہ گنجائش رکھیں گے۔ یعنی زیادہ افراد اور زیادہ ڈیوائسز بیک وقت رابطہ کر سکتی ہیں۔

کیا ہمیں نئے فون کی ضرورت ہوگی؟

لیکن جس طرح ایک 2جی فونز 3جی یا 4جی نیٹ ورک سے منسلک نہیں ہو سکتا، اسی طرح آج کے 3جی اور 4جی/ایل ٹی ای 5جی نیٹ ورک سے منسلک نہیں ہو پائیں گے۔ اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ کو نئے فون کی ضرورت ہوگی۔ فی الحال تو کسی 5جی فون کی لاگت واضح نہیں ہے، لیکن یہ سب کو معلوم ہے کہ 5جی سروس پر ماہانہ اخراجات موجودہ 4جی سے زیادہ ہی ہوں گے۔

5جی کب آئے گا؟

اب تک سام سنگ اور انٹیل 5جی ٹیکنالوجی کا آغاز کر چکے ہیں جنہوں نے حالیہ سرمائی اولمپکس میں اس کا افتتاح کیا۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ایونٹ کی براہ راست ورچوئل ریئلٹی کوریج بھی دی گئی۔ امریکا میں اے ٹی اینڈ ٹی، ٹی-موبائل اور ویرائزن 5جی ٹیکنالوجی پر تجربات کر رہے ہیں اور ممکنہ طور پر رواں سال کے آخر تک 5جی سروس متعدد امریکی شہروں میں دستیاب ہوگی۔ البتہ 2019ء میں 5جی رسائی میں ڈرامائی اضافہ ممکن ہوگا۔