نئی ونڈوز میں تمام پسندیدہ سافٹویئرز انسٹال کریں آسانی سے

5,198

نئی ونڈوز انسٹال کرنے کے بعد اپنی پسندیدہ اور کام کی ایپلی کیشنز انسٹال کرنا وقت طلب بھی ہے اور سر کا درد بھی۔ نائنائٹ (Ninite) اس مسئلے کا ایک سادہ سا حل ہے، جس کو آپ صرف یہ بتائیں گے کہ آپ کی پسندیدہ ایپلی کیشنز کون سی ہیں، باقی کا کام اس پر چھوڑ دیں۔

نائنائٹ سان فرانسسکو، امریکا کے دو پروگرامرز کے ذہن کی اختراع ہے، جن کا کہنا ہے کہ سافٹویئر انسٹال کرنا ایک کام کی طرح نہیں ہونا چاہیے۔ ان کی ایپ کا آسان استعمال اور مشہور مفت سافٹویئرز اور اوپن سورس ایپلی کیشنز کی وسیع اقسام کی موجودگی اسے بہترین انتخاب بناتی ہے۔ نائنائٹ انسٹالر سے اپنی ایپس کو منتخب کریں اور پھر گھومتے پھرتے رہیں، کسی دوست سے ملنے چلے جائیں، گھر کے کچھ کام نمٹا لیں، جب آپ واپس آئیں گے تو نہ صرف نائنائٹ ڈیفالٹ سیٹنگ کے ساتھ تمام سافٹویئرز انسٹال کردے گا بلکہ تمام اضافی و غیر ضروری ویئرز جیسا کہ براؤزر ٹول بارز وغیرہ کو بھی "نہ” کرچکا ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نائنائٹ آپ کے سسٹم پر انسٹال بھی نہیں کرنا پڑتا، یہ ایک واحد ایگزیکیوٹیبل فائل ہے جو یہ تمام کام کر جاتی ہے۔

آپ نائنائٹ کی سائٹ پر جائیں اور جو سافٹویئرز آپ کو درکار ہیں ان پر کلک کریں۔

انتخاب کے بعد آپ کو نائنائٹ بٹن نظر آئے گا، جس پر کلک کرکے آپ کسٹم انسٹالر/اپڈیٹر ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔

یہ فائل ڈاؤنلوڈ ہونے کے بعد اسے کھول لیں۔

اب آپ آزاد ہیں، سارا کام نائنائٹ کرے گا۔

کام ختم ہونے پر آپ کو کچھ یہ لکھا نظر آئے گا۔

ساتھ ہی آپ انسٹال ہونے والے پروگراموں کے آئیکونز بھی اپنی جگہ پر ہوں گے جیسا کہ ڈیسک ٹاپ پر اور اسٹارٹ مینیو میں۔

لیکن نائنائٹ کماتا کیسے ہے؟ اس کے لیے وہ ایک اپڈیٹ چیکر پیش کرتا ہے جو وقتاً فوقتاً ان پروگراموں کی اپڈیٹس چیک کرتا رہتا ہے تاکہ آپ کو خود سے اپڈیٹ نہ کرنا پڑے۔ اس کے لیے وہ صارفین سے 10 ڈالرز لیتا ہے۔

ویسے یہ تو اتنا آسان ہے کہ آپ کی دادی اماں بھی سافٹویئر انسٹال کرلیں!