نوکیا 9 میں ہوگا جدید پروسیسر

13,524

فن لینڈ کے اسٹارٹ اپ ایچ ایم ڈی گلوبل نے نوکیا کے برانڈڈ فونز کی مارکیٹنگ اور فروخت سے تھوڑے سے وقت میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ حیران کن ہیں۔ یہی نہیں بلکہ اب تو نوکیا اپنا اگلا فلیگ شپ فون پیش کرنے والا ہے۔

نوکیا 8 سیروکو وہ اینڈرائیڈ فون تھا کہ جس نے سام سنگ، ایپل اور ہواوی جیسے جانے مانے اداروں کے فونز کو ٹکر دی لیکن اس کا اسنیپ ڈریگن 835 ایک نسبتاً پرانا پروسیسر تھا۔ اس لیے اگر ایچ ایم ڈی اسنیپ ڈریگن 845 کا حامل کوئی ڈیوائس جاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے تو اسے کچھ جلدی کرنا ہوگی کیونکہ 855 آنا بھی جلد متوقع ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ اگست یا ستمبر 2018ء میں نوکیا9 جاری کیا جائے گا جس میں ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ سینسر ٹیکنالوجی بھی ہوگی۔ ضروری نہیں کہ اس کا نام نوکیا 9 ہی ہو کیونکہ نوکیا اپنے نام خفیہ رکھتا ہے۔ نوکیا 8 سیروکو کا نام بھی A1N تھا۔

نوکیا کے اگلے فلیگ شپ کی پہلی رونمائی غالباً 31 اگست کو شروع ہونے والے بین الاقوامی تجارتی میلے آئی ایف اے برلن میں ہوگی جس کا ہدف عام طور پر جرمنی جیسی یورپی مارکیٹ ہوتی ہیں۔

اس فون میں اب تک جاری نہ ہونے والا اینڈرائیڈ پی ورژن ہوگا، ساتھ ہی ایل جی کی تیار کردہ اولیڈ اسکرین، جس کے اندر فنگر پرنٹ پہچاننے والا سینسر بھی لگا ہوگا۔ کیمرے کے بارے میں ابھی تک کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔ دیکھتے ہیں نوکیا اس سال میدان میں کیا اتارتا ہے؟