نوکیا جانے گا آپ کی نیند کے بارے میں

1,261

آپ کی نیند کو جانچنے کے لیے گیجٹس کافی مقبول ہوگئے ہیں۔ مارکیٹ میں دستیاب ہر گیجٹ ہی یہی کہتا ہے کہ یہ رات کے بہتر آرام میں مدد دیں گے۔ ان میں چہرے کے ماسکس بھی ہیں اور موبائل فون ایپس بھی، جو فون کے مائیکروفون اور ایکسلرومیٹر کو استعمال کرتے ہوئے نیند کو ٹریک کرتی ہیں۔

نیند کے لیے مددگار گیجٹس کے میدان میں نوکیا کی آمد ایک ایسے پیڈ کے ذریعے ہوئی ہے جسے آپ اپنے آرام کے گدے کے نیچے رکھ سکتے ہیں۔ اسے "نوکیا سلیپ” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ عہد کرتا ہے کہ یہ ایپ کے استعمال سے کہیں زیادہ بہتر نتائج دے سکتا ہے۔ اس میں حساس پریشر سینسر ہے، جو ballistocardiography کا استعمال کرتا ہے – ایک ایسا طریقہ جو جسمانی حرکات، سانس اور دل کی دھڑکن کی شرح کی پیمائش کرتا ہے اور یہ سب ایک ایپ میں محفوظ کرتا جاتا ہے۔

یہ مستطیل شکل کا ایک وائی فائی سے کنیکٹ ہونے والا پیڈ ہے جو آپ کے فون پر موجود نوکیا ہیلتھ میٹ ایپ سے منسلک ہو جاتا ہے۔ اس کو سیٹ اپ کرنا بالکل آسان ہے۔ اسے اپنے سینے کی سطح پر گدے کے نیچے رکھیں، چلائیں اور نوکیا کے سلیپ موڈ ماڈیول کو ہیلتھ میٹ ایپ کے ذریعے ڈاؤنلوڈ کرلیں۔ ایپ اکاؤنٹ بنانے جیسے محض چند قدم آپ کو نوکیا سلیپ سے منسلک کردیں گے۔ بس یہ کام کے لیے تیار ہے۔

جب آپ سوتے ہیں تو یہ اس کے سینسر تمام ڈیٹا جمع کرتے ہیں اور اگلی صبح ایپ آپ کو رات کی نیند کا تجزیہ فراہم کرتی ہے۔ صرف یہی نہیں بتاتی کہ آپ کتنی دیر سوئے ہیں بلکہ ہلکی اور گہری نیند کتنی رہی، آپ سونے سے پہلے کتنی دیر بستر پر رہے اور یہ بھی کہ آپ جاگنے کے بعد کتنی دیر بستر پر رہے وغیرہ۔ ساتھ ہی دل دھڑکنے کی شرح، صحت بخش نیند کا دورانیہ بھی بتاتی ہے اور ان سب کی بنیاد پر آپ کی نیند کو صفر سے 100 تک کا اسکور دیتی ہے۔