آفس 2019ء صرف ونڈوز 10 پر چلے گا

1,151

مائیکروسافٹ کے جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ونڈوز عالمی مارکیٹ میں ہو سکتا ہے ونڈوز7 کو پیچھے چھوڑ چکی ہو، لیکن اگر آپ اب بھی اپگریڈ نہیں ہوئے تو بہت جلد ونڈوز10 پر جانے کی ایک نئی اور اہم وجہ پیدا ہونے والی ہے۔ مائیکروسافٹ نے اپنے آئندہ آفس 2019ء کو چلانے کے لیے ونڈوز10 کی شرط لگا دی ہے۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ آفس کے اگلے ورژن کی بیٹا ایپس رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں جاری کی جائیں گی، جبکہ فائنل ورژن 2018ء کی دوسری ششماہی میں آئے گا۔ لیکن جب یہ لانچ ہوگا تو سبسکرپشن پر چلنے والے آفس 365 کے بجائے علیحدہ آفس ایپلی کیشنز کے خواہشمند صارفین کو ونڈوز 10 یا آئندہ ونڈوز سرور کی ضرورت ہوگی۔ البتہ یہ قدم میک کے لیے آفس پروڈکٹ پر اثر انداز نہیں ہوگا کیونکہ وہ مکمل طور پر علیحدہ ہے بلکہ اس کے اجراء کا شیڈول بھی الگ ہے۔

بہرحال، وہ کاروباری ادارے تو اس خبر کا بالکل خیرمقدم نہیں کریں گے جو اخراجات میں اضافے یا اپنے کام سے مطابقت نہ رکھنے کی وجہ سے ابھی تک ونڈوز10 پر منتقل نہیں ہوئے اور نہ ہونا چاہتے ہیں۔

آفس 2019ء میں توسیع شدہ سپورٹ کی مدت بھی کم کردی جائے گی۔ آفس کے گزشتہ ورژنز کی طرح یہ پانچ سال کی معیاری سپورٹ کا حامل تو ہوگا لیکن اضافی سپورٹ پانچ کے بجائے صرف دو سال کی ہوگی۔ یعنی نئے آفس کی عمر اکتوبر 2025ء میں مکمل ہو جائے گی۔

ویسے آفس 2019ء میں ورڈ، ایکسل، پاور پوائنٹ اور ایکسل ایپس شامل ہوں گی جبکہ اسکائپ فار بزنس، ایکسچینج اور شیئر پوائنٹ کے سرور ورژنز بھی ہوں گے۔ مجموعی طور پر اگلے آفس میں کئی بہتریاں کی گئی ہیں جیسا کہ inking کے نئے فیچرز مثلاً pressure sensitivity، ink replay اور tilt effects اور ساتھ ہی ایکسل میں نئے فارمولے اور چارٹس اور پاور پوائنٹ میں نئی visual animations بھی شامل ہوں گی۔