پاکستانی نژاد انجینئر نے رنگ کرنے والا خودکار روبوٹ تیار کر لیا

1,596

ایک پاکستانی نژاد کینیڈین انجینئر حماد مرزا نے ایسا خودکار روبوٹ تیار کیا ہے جو کہ بغیر کسی بیرونی مدد کے دیواروں پر انتہائی درستگی کے ساتھ رنگ و روغن کر سکتا ہے۔

مِسٹ (Mobile Intelligent Spraying Technology) سے منسلک حماد مرزا اور ان کے تین دیگر ساتھیوں پر مشتمل چار رکنی ٹیم نے اس روبوٹ کو نقشہ سازی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا ہے۔ نقشہ سازی یعنی میپنگ ٹیکنالوجی ایک ایسی تکنیک ہے جس میں روبوٹ اپنے اردگرد موجود ماحول کی خودکار طریقے سے نقشہ سازی کرتے ہوئے خود کو اس کے مطابق ڈھالتا ہے۔

یہ روبوٹ نقشہ سازی کا استعمال کرتے ہوئے ایک رافع (لفٹ) نما شافٹ کا استعمال کرتے ہوئے دیوار پر عمودی و افقی سطح پر حرکت کرتے ہوئے رنگ و روغن کرتا ہے۔ روبوٹ کو سہارا دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا استعمال کیا گیا ہے۔ جبکہ اس میں مطلوبہ افعال کو سر انجام دینے کے لیے ایک بازو اور سپرے کرنے والا نظام بھی نصب ہے۔

حماد مرزا نے مقامی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ

"سپرے کے نظام کے پیچھے ایک خصوصی کیمرے کو نصب کیا گیا ہے۔ جو کہ روبوٹ کی معمولی سی حرکات و سکنات کو محسوس کرتا ہے۔ اور یوں امیج پراسیسنگ کی مدد سے پینٹ کے متعلق فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ تاہم ویڈیو میں یہ کیمرہ نصب نہیں کیا گیا۔ جبکہ ایک سافٹ وئیر کی مدد سے پینٹ کے میعار کو جانچنے والا الگورتھم بھی تیار کیا گیا ہے”

پاکستانی نژاد حماد مرزا اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے ڈیزائن کیے گئے اس خودکار روبوٹ کو "میورک” کا نام دیا گیا ہے۔ اور ایجاد کے فورا بعد ہی اس نے مقامی و بین الاقوامی میڈیا میں مقبولیت حاصل کر لی ہے۔