پلک جھپکتے میں ریوبکس کیوب حل کرنے والا روبوٹ

571

آنے والی نسلیں جب پیچھے مڑ کر سال 2018ء کو دیکھیں گی تو انہیں کیا یاد آئے گا؟ شاید کچھ نہیں لیکن ہو سکتا ہے وہ اس حیرت انگیز روبوٹ کو ضرور یاد رکھیں جو ریوبکس کیوب جیسا مشکل معمہ 0.38 سیکنڈز میں حل کر سکتا ہے۔ وڈیو میں کیوب کو غیر حل شدہ صورت میں دیکھا جا سکتا ہے اور پھر روبوٹ نے پلک جھپکتے میں اسے حل بھی کردیا۔ یعنی کہ مووی The Pursuit of Happyness میں ول اسمتھ کے کردار کو بھی ہرا دیا۔

بین کاٹز اور جیرڈ ڈی کارلو کی جانب سے تیار کردہ یہ پروجیکٹ چھ عدد Kollmorgen ServoDisc U9-seriesموٹرز اور 2 پلے اسٹیشن آئی کیمرے استعمال کرتا ہے۔ یہ ترکیب اسے کیوب پڑھنے اور حل کرنے میں مدد دیتی ہے اور ریکارڈ بنانے میں بھی۔

یہ 2018ء کی بہت بڑی کامیابی ہے لیکن شاید ہمارے ایک دوست جیسی نہیں کہ جنہوں نے ریوبکس کیوب کے اسٹیکر اتارے اور اسے درست ترتیب میں لگا کر سب کو بتایا کہ اس نے کامیابی سے حل کردیا ہے۔ ہمیں بھی یہ حرکت کرنے کے علاوہ شاید کبھی ریوبکس کیوب حل کرنے کی توفیق نہ ملے۔