فوٹوشاپ: تھا جس کا انتظار وہ شاہکار آ گیا!

2,126

گزشتہ سال نومبر کے مہینے میں ایڈوبی نے فوٹوشاپ کے لیے ایک نئے فیچر کی رونمائی کی تھی، ایک ایسا سلیکشن ٹول جو مصنوعی ذہانت سے لیس ہے اور صارفین کو کسی بھی چیز کو سلیکٹ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ہم تب سے انتظار کے د ن گن رہے تھے اور آج یہ تمنّا پوری ہوئی ہے۔ ایڈوبی فوٹو شاپ کا نیا فیچر “Select Subject” اب باقاعدہ جاری کردیا گیا ہے۔

یہ فیچر ایڈوبی کی Sensei آرٹیفیشل انٹیلی جینس ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے تاکہ جان سکے کہ صارف آخر کیا منتخب کرنا چاہ رہا ہے۔ گو کہ نتائج 100 فیصد درست نہیں لیکن صرف ایک کلک میں ہی بہترین بنیاد ضرور فراہم کر دیتا ہے۔ یوں صارف کا بہت سارا وقت بچ سکتا ہے۔

اگر آپ فوٹو شاپ استعمال کرتے ہیں تو یہ بات جانتے ہوں گے کہ ایڈیٹنگ کے دوران کسی بھی چیز کو سلیکٹ کرنا کتنا وقت طلب اور کٹھن کام ہے۔ جیسا کہ کسی ایسے شخص کی تصویر سے پس منظر نکالنا کہ جس کے بال گھنگھریالے ہوں۔ شکر ہے ٹیکنالوجی اب اتنی جدید ہو چکی ہے کہ ایسا کرنا آسان ہو گیا ہے ورنہ پہلے تو گھنٹے لگائے بغیر ایسا کرنا ناممکن تھا۔

آج جاری ہونے والی اپڈیٹ کے ساتھ ہی فوٹوشاپ اپنی ہائی ڈی پی آئی سپورٹ کو بھی بہتر بنا رہا ہے تاکہ یوزر انٹرفیس آپ کی ونڈوز سیٹنگ کے ساتھ زیادہ مطابقت رکھے۔ دریں اثناء ایپ میں مائیکروسافٹ ڈائل کی سپورٹ بھی شامل کی گئی ہے تاکہ آپ ڈرائنگ کے دوران برش کی پراپرٹیز درست کر سکیں۔ ڈائل کے صارفین اس اپڈیٹ کا شدت سے انتظار کر رہے تھے۔

فوٹوشاپ کے اس تازہ اپڈیٹ کی مزید خصوصیات ایڈوبی کے بلاگ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔