کوالکوم ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کے لیے اسنیپ ڈریگن 1000 چپ تیار کرے گا

736

اسمارٹ فونز کے لیے چپ تیار کرنے میں اس وقت کوالکوم کا کوئی ثانی نہیں ہے جس کی تیار کردہ اسنیپ ڈریگن پراسیسر چپ اس وقت تمام خصوصاً اینڈروئیڈ موبائل آلات میں استعمال ہو رہی ہے۔ البتہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کوالکوم پی سی اور لیپ ٹاپس کے لیے چپ بنانے میں کوشاں تھا۔ اسی حوالے سے خبر ہے کہ کوالکوم پی سی کمپیوٹرز کے لیے اسنیپ ڈریگن 1000 پراسیسر چپ بنا رہا ہے۔

جرمن بلاگ ون فیوچر میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق اسنیپ ڈریگن 1000 اس کی گزشتہ ڈیسک ٹاپ چپس سے بڑی اور انٹیل کے Y اور U سیریز پراسیسرز کے مقابل ہو گی۔ اسے ARM Cortex A76 ڈھانچے پر تیار کیا جائے گا۔

اسنیپ ڈریگن 1000 کے لیے 16 جی بی LPDDR4X عارضی میموری اور دو 128 جی بی فلیش میموری پر مشتمل پلیٹ فارم استعمال کیا جائے گا۔ جس پر گیگا بٹ وائی فائی اسٹینڈرڈ اور گیگا بٹ LTE ماڈیول ہو گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چپ کو پہلی بار ان ہی خصوصیات کے حامل آلات کے ساتھ متعارف کروایا جائے گا۔

کمپیوٹر کی صنعت میں اس پیش رفت کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ کیونکہ کوالکوم کی اس سے پہلے ڈیسک ٹاپ کے لیے بنائی گئی چپس موبائل چپ کی ہی پھر سے تیار کردہ اشکال تھیں۔ جبکہ اسنیپ ڈریگن 1000، ایک چپ پر مشتمل نظام یعنی SoC کی حامل ہو گی۔

توقع کی جا رہی ہے کہ ایس او سی نظام کی حامل یہ چپ بہ یک وقت بہتر استعداد کار، لمبی بیٹری لائف اور موبیلٹی جیسی سہولیات سے آراستہ ہو گی۔ گو کہ انٹیل نے ان خصوصیات کو حاصل کرنے کے لیے دو اقسام کی چپس متعارف کروائیں ہیں۔ لیکن کوالکوم کی اسنیپ ڈریگن 1000 چپ ڈیسک ٹاپ اور موبائل کے درمیان خلاء کو پر کرنے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کر سکتی ہے۔