سال 2017ء کی سب سے بڑی ایپس کون سی؟

1,826

اگر گیمز سے ہٹ کر دیکھا جائے تو نیٹ فلکس (Netflix) سال 2017ء کی سب سے بڑی ایپ بن کر سامنے آيا ہے۔ یہ اعزاز 2016ء میں اسپوٹیفائی (Spotify) کے پاس تھا اور 2015ء میں لائن (Line) کے پاس لیکن اب اسٹریمنگ وڈیو کے بے تاج بادشاہ کا اس مقام پر آنا ہر سال بدلتے رحجان کی عکاسی کرتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے پچھلے سال سبسکرائبرز کے ذریعے اپنی آمدنی کو 510 ملین تک بڑھایا، جو سال بہ سال میں 138 فیصد کا زبردست اضافہ ہے۔ 2016ء میں نیٹ فلکس کے صارفین نے 215 ملین ڈالرز خرچ کیے تھے یعنی ہمیں 2017ء میں لگ بھگ ڈھائی گنا اضافہ دیکھنے کو ملا۔

ڈیٹنگ ایپ ٹنڈر (Tinder) نے بھی سال 2017ء میں اچھا وقت گزارا اور گیمز کے علاوہ دیگر ایپس میں دوسرے نمبر پر آئی۔ لائن تیسرے جبکہ پینڈورا (Pandora) اور چین کا ٹین سینٹ (Tencent) وڈیو ٹاپ 5 میں شمار ہوا ہے۔

مجموعی طور پر موبائل صارفین نے ایپل کے ایپ اسٹور اور گوگل پلے پر گزشتہ سال میں 60 ارب ڈالرز خرچ کیے۔

دریں اثناء فیس بک کی ایپ واٹس ایپ نے کسی بھی دوسری ایپ کے مقابلے میں زیادہ ڈاؤنلوڈز حاصل کیے۔ 2017ء میں فیس بک کی ایپلی کیشنز ڈاؤنلوڈز کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر رہیں، جس کے بعد فیس بک میسنجر اور ایک اور فیس بک ایپ انسٹاگرام کا نام ہے۔ اسنیپ چیٹ پانچویں نمبر پر ہی۔یعنی کہ ٹاپ 5 میں سے 4 ایپس فیس بک کی ہیں۔

اگر گیمز میں دیکھیں تو جاپان کا ہٹ گیم مونسٹر اسٹرائیک (Monster Strike) پہلے نمبر پر رہا۔ یہ مجموعی طور پر سب سے زیادہ کمانے والی ایپ بھی رہی، وہ بھی مسلسل تیسرے سال !

چین کا آنر آف کنگز (Honor of Kings) دوسرے نمبر پررہا جس کے بعد فیٹ/گرینڈ آرڈر (Fate/Grand Order)، کلیش رویال (Clash) اور کینڈی کرش ساگا (Candy Crush Saga) رہے۔

حیران کن طور پر گزشتہ سال تہلکہ مچا دینے والا پوکیمون گو (Pokémon Go) مجموعی طور پر یا ایپ اسٹور میں 10 سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والوں میں بھی مقام نہیں ملا۔