سام سنگ کی ٹیکسٹنگ ایپ خود بخود پیغامات اور فوٹوز بھیجتی ہوئی

968

ذرا سوچیے کہ آپ کسی غلط فون نمبر پر کوئی پیغام بھیج دیں یا پھر اپنی تصاویر غلطی سے کسی دوسرے شخص کو بھیج دیں تو کیا ہوگا؟ یہ ڈراؤنا خواب چند سام سنگ صارفین کے لیے یہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ سام سنگ کے کمیونٹی فورمز پر ایسی اطلاعات آر ہی ہیں کہ ان کے فون کی میسیجز ایپ تصاویر اور دیگر پیغامات مختلف لوگوں کو بھیجتی پائی گئی ہے۔ ایک اطلاع تو یہ بھی ہے کہ ایپ نے ایک شخص کی پوری فوٹو گیلری اس کی گرل فرینڈ کو بھیج دی۔

ایسے زیادہ تر صارفین امریکا میں ٹی-موبائل کے صارفین ہیں اور ان کے خیال میں کیریئر کے حالیہ آر سی ایس میسیجنگ اپڈیٹ کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔ البتہ ٹی موبائل اسے سام سنگ کا مسئلہ قرار دیتا ہے۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس کو ایسی رپورٹیں ملی ہیں اور وہ اپنی ٹیموں کو اس معاملے کی تحقیقات پر لگا چکا ہے۔

کوئی ایک ایسی ڈیوائس نہیں کہ جس پر یہ مسئلہ آ رہا ہے بلکہ صارفین کو گلیکسی ایس9 جیسے جدید فونز سمیت مختلف ڈیوائسز پر ان مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ تو معلوم نہیں کہ یہ مسئلہ کب حل ہوگا لیکن تب تک بہتر یہی ہے کہ میسیجز کو ڈس ایبل کرکے کوئی اور ایپ استعمال کی جائے جیساکہ گوگل کی اینڈرائیڈ میسیجز۔