سام سنگ نوٹ 9: کیا، کتنا اور کب؟ تمام تفصیلات لیک

1,743

گزشتہ سال سام سنگ کی جانب سے متعارف کروائے گئے گیلیکسی نوٹ 8 کی کئی اضافی خوبیوں کی وجہ سے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا گیا تھا۔ رواں سال بھی یہ توقع کی جا رہی ہے کہ سام سنگ سمارٹ فون کا اگلا ماڈل گیلیکسی نوٹ 9 بہت سی نئی خصوصیات کا حامل ہو گا۔ تا حال سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 کی لیک شدہ تمام تفصیلات اور سوالات کے جوابات کچھ یوں ہیں:

سام سنگ گیلیکسی نوٹ 9 کب ریلیز ہو گا؟

جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ سام سنگ کا نوٹ 8 گزشتہ سال اگست کے اواخر میں متعارف کروایا گیا تھا۔ اس کی بڑی وجہ یہ سمجھی جاتی ہے کہ اگلے ماہ یعنی ستمبر میں ایپل اپنا جدید آئی فون ماڈل متعارف کرواتا ہے۔ سام سنگ سیلز کے معاملے میں اپنے حریف سے سبقت لے جانے کے لیے آئی فون سے ایک ماہ پیشتر گیلیکسی نوٹ کو متعارف کرواتا ہے۔

امسال بھی سام سنگ اپنی روایت کو جاری رکھتے ہوئے آئی فون کی ریلیز سے پہلے ہی گیلیکسی نوٹ 9 کو ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بلکہ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ گزشتہ سال سے بھی نسبتاً پہلے اسے متعارف کروا دیا جائے گا۔ کیونکہ خبر ہے کہ سام سنگ نے نوٹ 9 کے فرم وئیر کی ٹیسٹنگ دو ہفتے پہلے ہی شروع کر دی ہے۔ جس سے یہ توقع کی جا سکتی ہے سام سنگ کا نوٹ 9 جولائی میں ہی متعارف کروا دیا جائے گا۔

نوٹ 9 میں کیا خصوصیات ہوں گی؟

اینڈرائیڈ اتھارٹی نامی بلاگ میں لیک کردہ معلومات کے مطابق سام سنگ گیلیکسی نوٹ 9 میں دوہرے کیمرہ کے ساتھ روزنِ متغیر Variable Aperture کہ سہولت بھی ہو گی۔ جبکہ یہ فون اسنیپ ڈریگن 845 یا زائینوز 9810 چپ سیٹ پر مشتمل ہو گا۔ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سام سنگ ان دونوں میں سے کون سی چپ استعمال کرے گا کیونکہ دونوں چپس کے فرم وئیر کی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔

اس فون کی اسکرین 6.38 انچ ہو گی جو کہ گیلیکسی نوٹ 8 سے قدرے زیادہ ہے۔ نیز اس کی پہلو نسبت 18.5:9 ہو گی۔ اسکرین کچھ خمیدہ بھی ہو گی۔ ریزولیوشن کے بارے میں فی الحال واضح نہیں البتہ خیال ہے کہ اس فون کی ریزولیوشن 2960×1440 ہو سکتی ہے۔بعض خبروں کے مطابق سام سنگ اس فون میں 4K سپورٹ بھی متعارف کروا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مزید خصوصیات سے لیس ایس پین ناقلہ (اسٹائلس) بھی شامل ہو گا۔

مزید خصوصیات میں فون کی عارضی یادداشت کی گنجائش 6 جی بی اور مستقل گنجائش 64 و 128 جی بی تک ہو گی۔ جسے اضافی کارڈ کے ذریعے 400 گیگا بائٹس تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ کچھ بلاگرز کے مطابق عارضی یادداشت 8 جی بی تک ہو سکتی ہے۔ لیکن فلیگ شپ فونز کے لیے 6 جی بی بھی کافی خیال کی جاتی ہے۔

نوٹ 9 کے متعلق سب سے دلچسپ خبر یہ ہے کہ اس کا ڈسپلے ڈھانچہ آبگینے پر مشتمل ہو گا۔ جس کا ڈیزائن ڈھلواں کناروں کے بغیر ہو گا۔ سام سنگ نے ایک پیٹنٹ بھی حاصل کیا ہے جس کے مطابق انگلی کو محسوس کرنے کے حساسیے اور کیمرہ ڈسپلے اسکرین میں ہی نصب ہو گا۔ اور اے ایم او ایل ای ڈی AMOLED اسکرین حساسیوں کے لیے روشنی کے زریعے کے طور پر کام کرے گی۔ تام ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ سام سنگ اس پیٹنٹ ڈیزائن کو نوٹ 9 کے لیے استعمال کرے گا یا پھر اس سے اگلے ماڈل کے لیے۔

فی الحال سام سنگ کی جانب سے اپریل میں نامیاتی ایل ای ڈی اسکرین کی پیداوار شروع کی گئی ہے۔جس کی بناء پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ نوٹ 9 کی اسکرین نامیاتی یعنی OLED پر مشتمل ہو گی۔ اس کے علاوہ فون میں 3850 mAH کی بیٹری استعمال کی جائے گی۔ جو کہ پہلے کی بہ نسبت زیادہ گنجائش کی حامل ہے۔ نیز متوقع طور پر فون میں اینڈرائیڈ اورویو 8.1 ورژن استعمال ہو گا۔

سام سنگ گیلیکسی نوٹ 9 کی اضافی خصوصیات میں IP68 کا پانی اور گردوغبار مزاحم فیچر، ہیڈفون جیک، اور جزوی حقیقت پر مبنی ای۔موجیز شامل ہیں۔

گیلیکسی نوٹ 9 کی قیمت کتنی ہو گی؟

سام سنگ کے گیلیکسی نوٹ 9 کی قیمت کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ تاہم لیک کردہ معلومات کے مطابق اسکی قیمت 950 ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ جو کہ نوٹ 8 کی قیمت کے تقریباً برابر ہے۔