سازشی نظریات کی حامل وڈیوز کے خلاف قدم

859

سالوں گزر چکے، یوٹیوب ایسی وڈیوز سے بھرا پڑا ہے جن میں ناقص اور گھٹیا معلومات تو ہے ہی بلکہ نفرت انگیز مواد تک موجود ہے۔ یوٹیوب ان کے خاتمے کے لیے اب کچھ سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے، سی ای او سوس ووکیکی نے بتایا ہے کہ بالخصوص سازشی نظریات کی حامل وڈیوز کا توڑ کرنے کے لیے ان وڈیوز کے عین نیچے وکی پیڈیا مضمون کا لنک ڈالے گا۔

اب چاہے وڈیو میں انسان کے چاند پر اترنے کے حوالے سے سازشی نظریات ہوں یا کچھ اور، وکی پیڈیا کے پیجز کے لنکس ضرور آئیں گے تاکہ لوگوں کو حقیقت کا بھی علم ہو سکا۔

یہاں یہ سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ ہے وہ "بہترین قدم” جو یوٹیوب کو اٹھانا چاہیے؟ کیونکہ وکی پیڈیا چاہے انٹرنیٹ پر معلومات کا ایک اہم ترین ذریعہ ہی کیوں نہ ہو لیکن وہ بھی تو عام صارفین ہی کا تشکیل کردہ ہے، اور اس میں بھی غلط معلومات پیش کی جا سکتی ہیں۔ یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ یوٹیوب اب بھی ناقص اور گھٹیا وڈیوز کو سینسر کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا نہیں کر رہا ۔

ٹیکنالوجی ماہر ٹام کوٹس کے مطابق یوٹیوب کا یہ نیا فیچر وکی پیڈیا کے رضاکاروں پر دباؤ کو اور بڑھا دے گا جو سازشی نظریات کے حامل افراد کے نئے لشکروں کو بھگتیں گے، جو وکی پیڈیا کے مواد کو ایڈٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

بلاشبہ وکی پیڈیا کے لنکس ڈالنا مددگار ہوگا لیکن یہ ایک بہت بڑے مسئلے کے حل کے لیے ایک چھوٹا سا حل ہے اور یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کے درپیش چیلنج سے نمٹنے کے لیے یوٹیوب سنجیدہ قدم نہیں اٹھا رہا۔ کہیں یہ یوٹیوب کے مسائل میں ایک نیا اضافہ تو نہیں کرے گا؟