صرف منتخب نمبروں سے کال اور میسج کا نوٹیفیکیشن حاصل کریں

5,561

اکثر ایسا ہوتا کہ رات کے وقت آپ گہری نیند سو رہے ہوتے کہ اچانک موبائل کی گھنٹی بج اٹھتی ہے۔ گہری نیند سے بیدار ہونے کے بعد موبائل دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کوئی غیر اہم کال یا پیغام ہوتا ہے۔ یا پھر کوئی غلطی سے آپ کا نمبر ڈائل کر دیتا ہے۔ لیکن آپ کی نیند خراب ہو چکی ہوتی ہے۔

یقیناً مجھ سمیت کچھ لوگ اس کا حل یہ نکالتے ہیں کہ موبائل کو "خاموش یعنی Silent” موڈ پر لگا کر سو جاتے ہیں۔ اور صبح اٹھ کر دیکھتے ہیں کہ کسی ضروری نمبر سے کال وغیرہ تو نہیں آئی۔ لیکن اس حل میں قباحت یہ ہے کہ بعض اوقات آپ کے کسی عزیز یا دوست کی جانب کوئی انتہائی اہم کال ہوتی ہے جسے بروقت موصول کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ لیکن موبائل کے خاموش موڈ پر ہونے کی وجہ سے آپ اسے موصول نہیں کر پاتے۔

اس مسئلے کا حل گوگل اینڈروئیڈ پر مبنی اسمارٹ فونز میں پہلے سے موجود ہے۔ لیکن یہ سہولت صرف ان اسمارٹ فونز میں میسر ہے جن میں اینڈروئیڈ کا لالی پاپ 5.0 یا اس سے نیا ورژن نصب ہے۔  اس ورژن میں گوگل کا فوقیت یعنی Priority موڈ شامل کیا گیا ہے۔ جسے استعمال کر کے آپ پرسکون نیند کے مزے بھی لے سکتے ہیں۔ اور کسی انتہائی ضروری یا ہنگامی کال سے بروقت آگاہ بھی ہو سکتے ہیں۔ گوگل کا اس فوقیت موڈ کے بارے میں کہنا ہے کہ۔۔۔

اب آپ اپنے منتخب کردہ کالرز اور الارمز کے علاوہ موبائل کی آواز اور تھرتھراہٹ سے پریشان نہیں ہوں گے

اگر آپ کے اسمارٹ فون میں اینڈروئیڈ کا لالی پاپ یا اس سے نیا ورژن موجود ہے تو درج ذیل ہدایات پر درجہ بدرجہ عمل کیجیے اور گوگل کے "Priority” موڈ کو استعمال کرتے ہوئے پریشانی سے نجات حاصل کیجیے۔

دراصل اس Priority موڈ میں ہوتا یہ ہے کہ آپ موبائل کی آواز کو مکمل طور پر خاموش کرنے کی بجائے اپنے کچھ ضروری رابطہ نمبروں اور دیگر فیچرز کو آن کر دیتے ہیں جن سے آپ بروقت با خبر رہنا چاہتے ہیں۔ گو کہ آپ کے موبائل پر باقی کالز اور پیغامات کی اطلاع بھی موصول ہوتی رہتی ہے۔ لیکن موبائل کی گھنٹی کی آواز اسی وقت آئے گی جب آپ کے مخصوص کردہ نمبروں سے کال یا پیغام آئے گا۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آپ اپنے موبائل کی سیٹنگز میں جائیں اور وہاں موجود "Do Not Disturb” فنکشن پر کلک کریں۔ اب سامنے اسکرین پر نظر آنے والی آپشنز میں سے "Do not Disturb Mode” یا بعض ورژن میں "Priority only” کو تلاش کریں۔ آپ اس سلسلے میں نیچے دیے گئے اسکرین شاٹس سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔

اب پہلے آپ کو "Priority Only” فنکشن پر کلک کر کے اسے آن کرنا ہو گا تا مزید سیٹنگز کی جا سکیں۔ اگر آپ اس فنکشن کو مخصوص وقت مثلاً میٹنگز وغیرہ کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ تو اوپر "Enable as scheduled” پر کلک کر کے اس موڈ کے لیے مخصوص وقت بھی طے کر سکتے ہیں۔ بہرحال "Priority only” کو آن کرنے کے بعد اس کے نیچے موجود ایڈوانسڈ یا "More settings” پر کلک کیجیے۔ اور سامنے آنے والی اسکرین پر موجود مختلف تصریحات پر نگاہ ڈالیے۔

اینڈرائڈ میں کچھ تصریحات پہلے سے بھی طے شدہ ہوتی ہیں آپ انہیں استعمال کر سکتے ہیں لیکن آپ اپنی جانب سے تصریحات بھی طے کر سکتے ہیں۔ مثلاً "بصری مداخلت کو بند کیجیے”یا "Block Visual disturbance” کی آپشن کے ذریعے آپ یہ طے کر سکتے ہیں کہ خاموش کی گئی اطلاعات "نوٹیفیکیشن” اسکرین کو آن کر سکتے ہیں یا نہیں۔ یا پھر اسکرین پر ظاہر ہو سکتے ہیں یا نہیں۔ اس کی دو طرح کی سیٹنگز ہیں۔

  • Block when screen is on

خاموش کی گئی اطلاعات کو اسکرین پر ظاہر ہونے سے روکتا ہے۔

  • Block when screen is off

خاموش کی گئی اطلاعات کو اسکرین آن کرنے سے بھی روکتا ہے۔

اس کے بعد آپ اسکرین پر نگاہ ڈالیں گے تو "Priority only allows”کی آپشن نظر آئے گی۔ بعض جدید ورژنز میں یہ آپشن "Define Priority Interruptions” کے عنوان سے بھی نظر آئے گی۔ جیسا کہ نیچے دیے گئے اسکرین شاٹ میں نظر آ رہا ہے۔ یہی وہ آپشن ہے جس پر کلک کر کے آپ اپنی مرضی کے نمبرز کی سیٹنگز کر سکتے ہیں۔

یہاں پر آپ یاددہانی، مواقع، پیغامات، اور کالز سمیت تمام آپشنز کو روک سکتے ہیں یا ان کی اجازت دے سکتے ہیں۔ مخصوص رابطہ نمبرز کو کال اور پیغامات کی اجازت دینے کے لیے "From starred contacts only” کی آپشن کا استعمال کریں۔ یاد رہے کہ جدید ورژنز میں یہ "Favorite contacts only” کے نام سے بھی موجود ہو سکتی ہے۔ جیسا کہ اسکرین شاٹ سے ظاہر ہو رہا ہے۔

اب اگلا اور حتمی مرحلہ ہے اپنے پسندیدہ رابطہ نمبرز کو Star یا Favourite کا لیبل لگانے کا۔ خیال رہے کہ اس لیبل لگانے کا فائدہ اسی صورت ہو گا اگر آپ نے "Only starred contacts” کا آپشن منتخب کیا تھا۔ اگر آپ نے "Contacts only” کی آپشن کو منتخب کیا ہے تو لیبل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ بہرحال سٹار لیبل لگانے کے لیے آپ اپنے فون کے Contacts میں جائیں اور اور متعلقہ رابطہ نمبر کو منتخب کریں جس سے آنے والی کالز اور میسجز سے آپ بروقت آگاہ رہنا چاہتے ہیں۔

رابطہ نمبر کو منتخب کرنے کے بعد آپ کے اوپر بنے ستارے کو کلک کریں۔ اور یوں یہ نمبر آپ کے پسندیدہ نمبرز کی فہرست میں آ جائے گا۔ اور موبائل کے خاموش موڈ پر ہونے کے باوجود آپ اس نمبر سے آنے والی کی اطلاع عین وقت پر پا سکیں گے۔ اگر اس نمبر کو فہرست سے ختم کرنا ہو تو ستارے پر دوبارہ کلک کر کے اسے ہٹا دیں۔